آج صبح پرانا گولیمار سے لاش ملی -مختلف علاقوں سے مزید لاشیں برآمد

August 15, 2015 4:18 pm0 commentsViews: 34

کراچی (کرائم رپورٹر) آج صبح گلبہار کے علاقے پرانا گولی مار سے30 سالہ نا معلوم شخص کی لاش ملی جس کو ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ نا معلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔ مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی ہے شکل و صورت سے اردو اسپیکنگ معلوم ہوتا ہے اور پینٹ شرٹ پہنا ہوا ہے۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کی شناخت کیلئے ایدھی منتقل کر دی۔

ابراہیم حیدری سے3 سیکورٹی گارڈز کی لاشیں برآمد، گبول ٹائون سے بھی ایک لاش ملی
تینوں کی گولیوں سے چھلنی لاشیں کمپنی کے داخلی دروازے پر پڑی ہوئی تھیں ہر ایک کو چار سے پانچ گولیاں مار کر قتل کیا گیا
علاقہ مکینوں نے فائرنگ کرنے والے کسی ملزم کو نہیں دیکھا، گبول ٹائون میں ٹیکسٹائل مل کے قریب سے25 سالہ نوجوان کی لاش ملی
کراچی( کرائم ڈیسک) ابراہیم حیدری اور گبول ٹائون سے3 سیکورٹی گارڈز سمیت4 افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں ملیں۔ ابراہیم حیدری کے علاقے بھٹائی کالونی میں قائم ووڈ کرافٹ کمپنی( فیکٹری) کے اندر سے فائرنگ سے چھلنی 3 سیکورٹی گارڈ کی لاشیں ملیں۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا ۔ ڈی ایس پی رائو اسلم اور ڈیوٹی افسر رحیم بخش نے بتایا کہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو 30 سالہ عثمان ولد عبدالشکور بنگالی اور30 سالہ پوپٹ ولد جکو ( ہندو) کی لاشیں کمپنی کے داخلی دروازے کے باہر سے ملیں جبکہ مقتول 32 سالہ تلسی ولد وشو ( ہندو) کی لاش کمپنی کے اندر سے بر آمد ہوئی تینوں افراد کو4 سے5 گولیاں ماری گئی ہیں۔ جائے وقوعہ سے 30 بور پستول اور رپیٹر کے خول ملے جو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ باہر لاش دیکھ کر علاقے کے مکینوں نے اطلاع دی تھی لیکن علاقہ مکینوں نے فائرنگ کرنے والے ملزمان کو نہیں دیکھا۔ یوم آزادی کے دن کمپنی کی تعطیل تھی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ نا معلوم ملزمان نے مقتول کو فائرنگ کرکے زخمی کیا۔ جس سے مقتول تلسی نے کمپنی کے اندر جا کر دم توڑا، کمپنی کے ایم ڈی کے کمرے کا شیشہ ٹوٹا ہوا تھا لیکن ایم ڈی کے ٹیبل کے دراز میں ایک لاکھ روپے نقد، نائن ایم ایم پستول اور ایک خنجر موجو د تھا۔ جو ایم ڈی کی ملکیت ہے۔ علاوہ ازیں گبول ٹائون صنعتی ایریا کے علاقے راجپوت کالونی نزد سلیم ٹیکسٹائل کے قریب تشدد زدہ لوگوں سے چھلنی 25 سالہ نوجوان کی لاش ملی۔ ایس ایچ او عبدالغفار کورائی کا کہنا ہے کہ نا معلوم ملزمان نے مقتول کو اغواء کرنے کے بعد سر میں ایک گولی مار کر قتل کر دیا اور لاش کو مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے۔ مقتول کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی ۔ پولیس نے کارروائی کے بعد لاش کو شناخت کیلئے ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا۔

مشرف کالونی کے خالی پلاٹ
سے10 دن پرانی لاش برآمد
کراچی( کرائم رپورٹر) رات گئے مشرف کالونی میں خالی پلاٹ سے 15 دن پرانی لاش ملی‘ تفصیلات کے مطابق موچکو تھانے کی حدود بلدیہ ٹائون مشرف کالونی گلی نمبر 42 میں خالی پلاٹ سے35 سالہ نامعلوم شخص کی 10سے15 دن پرانی لاش ملی‘ جس کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال پہنچایا گیا‘ پولیس نے بتایا کہ مقتول کو نامعلوم ملزمان نے اغواء کے بعد بد ترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر قتل کیا اور مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے‘ پولیس کا کہنا ہے کہ لاش 10سے15 دن پرانی ہے‘ جو کہ نا قابل شناخت ہے‘ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ایدھی ہوم منتقل کردی ہے۔

Tags: