شہر میں جشن آزادی کے دوران بدترین ٹریفک جام

August 15, 2015 4:20 pm0 commentsViews: 30

ٹریفک اہلکار سڑکوں سے غائب، ایمبولینسیں بھی پھنسی رہیں، کئی گاڑیوں میں فیول ختم ہوگیا
وزیرداخلہ سندھ نے نوٹس لے لیا، ٹریفک افسران کو سڑکوں پر نکل کر ٹریفک کے مسائل حل کرنے کی ہدایت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں جشن آزادی کا جشن منانے والی عوام ٹریفک پولیس کی جانب سے روٹ پلان جاری نہ کئے جانے کے باعث عذاب میں مبتلا ہوگئی۔ شہر کے مختلف مقامات پر شدید ٹریفک جام رہا، منٹوں کا سفر کئی کئی گھنٹوں میں تبدیل ہوگیا گاڑیوں میں فیول ختم ہوگیا جب کہ ایمر جنسی مریض منتقلی میں مصروف ایمبولینسز بھی پھنسی رہیں۔ ٹریفک اہلکار تمام شاہراہوں سے غائب اور نوجوان اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک بحال کراتے نظر آئے۔ دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے شہر کے مختلف علاقوں میں بد ترین ٹریفک جام کا نوٹس لے لیا۔ ترجمان کے مطابق سہیل انور سیال نے ڈی آئی جی ٹریفک سمیت تمام ایس ایس پیز، ڈی ایس پیز اور تمام ٹریفک سیکشن آفیسرز کو سڑکوں پرنکل کر ٹریفک بحال کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں میں عوام کو ٹریفک مسائل اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا وہاں کے ٹریفک افسران ذمہ دار ہوں گے۔ اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Tags: