چائنا کٹنگ میں ملوث افسران پرآئندہ ماہ فرد جرم عائد ہوگی، درخواست بریت مسترد

August 15, 2015 4:21 pm0 commentsViews: 24

لائنز ایریا پراجیکٹ کے گرفتار5 افسران نے سیاسی شخصیت کی مدد سے بلیک میلنگ کرکے قیمتی پلاٹ اور مکانات کم نرخوں پر حاصل کیے
اینٹی کرپشن عدالت میں مقدمے کا عبوری چالان اینٹی کرپشن انسپکٹر نے داخل کیا تھا، مقدمہ احتساب عدالت میں منتقل کرنے پر غور
کراچی( نیوز ڈیسک) کے ڈی اے میں مالی بد عنوانی اور چائنا کٹنگ میں ملوث گرفتار ہونے والے لائنز ایریا پروجیکٹ کے افسران کی اینٹی کرپشن عدالت نے مقدمات میں بریت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ 4 ستمبر کو آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتار5 افسران نے اپنے کارندوں کے ذریعے شہر میں سیکڑوں شہریوں کے اربوں روپے مالیت کے پلاٹ اور مکانات اعلیٰ سیاسی شخصیت کی مدد سے انتہائی کم نرخ پر بلیک میل کرکے حاصل کئے۔ گرفتار افسران میں شامل ایڈیشنل ڈائریکٹر ری سٹیلمنٹ لائنز ایریا پروجیکٹ عطا عباس زیدی، ڈپٹی ڈائریکٹر فرید نسیم و دیگر ساتھیوں ارشاد ناصر اور فرید احمد کے خلاف17 اکتوبر 2013ء کو مقدمات درج کئے گئے تھے جو صوبائی اینٹی کرپشن عدالت میں زیر سماعت ہیں مدعی مقدمہ نے بتایا کہ ملزمان نے جعلی سیل ایگریمنٹ پر لائنز ایریاپروجیکٹ میں پلاٹ نمبرR/2274اور R/2257 سمیت دیگر پلاٹس غیر قانونی طور پر ری سٹیلمنٹ کے نام پر من پسند افراد اشرف ملک اور احمد ملک کے نام جعلسازی سے الاٹ کر دئیے ان سے کروڑوں روپے بٹورے، ملزمان اس مقدمے میں ضمانت پر رہا ہیں، ملزمان کے خلاف مقدمے کا عبوری چالان اینٹی کرپشن انسپکٹر احمد نے داخل کیا تھا۔ ملزم عطا عباس و دیگر چائنا کٹنگ اور اربوں روپے کی اراضی جعلسازی کے ذریعے فروخت کرنے اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے مقدمات میں رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان کا مقدمہ احتساب عدالت میں منتقل کرنے کیلئے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Tags: