کراچی میں سیاست کا رخ موڑ کر دکھائیں گے، مہاجر قومی موومنٹ

August 15, 2015 4:22 pm0 commentsViews: 31

ہم اپنے گھروں کو آئے ہیں اور مستقل رہیں گے، تصادم اور اشتعال انگیزی کا حصہ نہیں بنیں گے
کراچی میں کوئی نوگو ایریا نہیں، اس کے باوجود متحدہ کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہا ہے
اگر کوئی ثابت کر دے کہ مہاجر قومی موومنٹ ایجنسیوں کے پیرول پر ہے تو سیاست چھوڑ دوں گا، خالد حمید کی پریس کانفرنس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ نے14 اگست سے اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا۔ مہاجر قومی موومنٹ کے کراچی آرگنائزنگ کمیٹی کے جوائنٹ آرگنائزر خالد حمید نے کہا ہے کہ ہم اپنے گھروں کو آئے ہیں اور مستقل رہیں گے ہم نہ تو تصادم کی راہ پر چلیں گے نہ کسی کی اشتعال انگیزی کا حصہ بنیں گے۔ انتظامیہ ہماری بات نہیں سنے گی تو عدالت جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئر مین آفاق احمد کی لانڈھی میں واقع رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر قاتل مہاجر مقتول کی راہ پر نہیں چلیں گے۔ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کی رولنگ موجود ہے کہ کراچی میں کوئی نو گو ایریا نہیں، اس کے باوجود متحدہ کے دہشت گردوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہا ہے۔ کراچی آپریشن کی وجہ سے یہ صورتحال ہوگئی ہے کہ ہمارے کارکنان نہتے اپنے گھروں کو واپس جا رہے ہیں تو متحدہ کو کیوں تکلیف ہے۔ اگر کوئی ثابت کر دے کہ مہاجر قومی موومنٹ ایجنسیوں کے پیرول پر ہے تو سیاست چھوڑ دو ں گا، ڈی سی کورنگی کی نگرانی میں ہمارا کیمپ اکھاڑا گیا ۔ یوم آزادی کی مناسبت سے شہر کو قومی پرچموں سے صرف جذبہ حب الوطنی کے اظہار کیلئے سجایا۔ ہمارے کوئی سیاسی مقاصد یا عزائم نہیں تھے۔ سیاسی سرگرمیاں عنقریب ببانگ دہل شروع کریں گے اور سیاست کا رخ موڑ کر دکھائیں گے۔ بعد ازاں مہاجر قومی موومنٹ لانڈھی سیکٹر کے1000 سے زائد کارکنان نے لانڈھی نمبر6 میں چیئر مین آفاق احمد کی رہائش گاہ سے جشن آزادی کی مناسبت سے ریلی نکالی اور دہشت گردوں کے نفرت انگیز نعروں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے پر امن اختتام کیا۔

Tags: