ایم کیو ایم کو پارلیمنٹ میں واپس آنا چاہیے، نثار کھوڑو

August 15, 2015 4:25 pm0 commentsViews: 26

مسائل کے حل کے لیے پارلیمنٹ میں سب سے بڑا فورم ہے، ایم کیو ایم کو اپنے استعفوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے
کراچی آپریشن میں کسی جماعت کو نشانہ نہیں بنایاجارہا، پریس کلب میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات و آبپاشی سندھ نثار کھوڑو نے کہا کہ ایم کیو ایم کے عوامی مینڈیٹ کو ٹھکرانا نہیں چاہئے۔ ایم کیو ایم کے استعفے کا معاملہ حل کرنا وفاق کی ذمہ داری ہے۔ اگر ایم کیو ایم کو کراچی آپریشن سمیت دیگر معاملات پر تحفظات ہیں تو وہ مذاکرات کے ذریعہ ان کے مسائل کو حل کرے۔ جمہوریت میں مسائل بات چیت کے ذریعہ حل ہوتے ہیں۔ اور مسائل کے حل کا سب سے بڑا فورم پارلیمنٹ ہے۔ لہٰذا ایم کیو ایم کو اپنے استعفوں کے معاملے پر نظر ثانی کرکے واپس پارلیمنٹ میں آنا چاہئے۔ کراچی آپریشن میں کسی جماعت کو نشانہ نہیں بنایا جا رہا۔ یہ آپریشن دہشتگردوں کے خلاف جاری ہے۔ جو نتائج کے حصول تک جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی پریس کلب میں یوم آزادی کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ حکومت ایم کیو ایم کے استعفوں کے معاملے کا جائزہ لے رہی ہے۔ ایم کیو ایم نے استعفے دینے کا فیصلہ جلد بازی میں کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت جمہوریت کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ایم کیو ایم کے مسائل بھی جمہوری طریقہ سے بات چیت کے ذریعے حل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن سے شہر میں امن قائم ہوگیا ہے۔

Tags: