کراچی میں جعلی منرل واٹر فروخت کرنے والے5 پلانٹس سیل

August 15, 2015 4:45 pm0 commentsViews: 26

گلشن اقبال 13 ڈی میں بنگلوں اور گھروں میں لگے پلانٹس پر چھاپہ مارا گیا، پانی کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے
ملکی و غیر ملکی برانڈ کی بوتلوں میں عام فلٹر شدہ پانی فروخت کی جا رہا ہے، کمشنر کے ٹاسک فورس کے سربراہ
کراچی( سٹی رپورٹر) کمشنر شعیب صدیقی کی ہدایت پر مختلف علاقوں میں جعلی برانڈز کے غیر معیاری منرل واٹر کیخلاف کریک ڈائون کا آغاز کردیا گیا‘ کمشنر کی قائم کردہ ٹاسک فورس کے رکن شکیل بیگ کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں معروف ملکی و غیر ملکی برانڈز کی بوتلوں میں عام فلٹر شدہ پانی فروخت کیا جارہا ہے‘ یہ کام منظم انداز میں گھریلو علاقوں میں کیا جارہا ہے جس کیلئے بڑے رہائشی پورشنز اور بنگلوں میں پلانٹ لگائے گئے ہیں‘ کمشنر کراچی شعیب صدیقی کی ہدایت پر ٹاسک فورس نے مختلف علاقوں میں ایسے پلانٹ کے خلاف کارروائی شروع کردی ‘مہم کا آغاز گلشن اقبال کے علاقے سے کیا گیا جہاں شکیل بیگ کی سربراہی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ زاہد میمن اور پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے ماہرین پر مشتمل ٹیم نے گلشن اقبال 13 ڈی میں گھروں اور بنگلوں میں لگے ہوئے 5 فلٹر فلنگ پلانٹس پرچھاپہ مارا جہاں معروف ملکی و غیر ملکی منرل واٹر برانڈز کی بوتلوں میں عام پانی بھرا جارہا تھا ‘پی ایس کیو سی اے کے ماہرین نے پانی کے نمونوں کی جانچ کرکے پانی کے معیار پر بھی تحفظات کااظہار کیا ٹاسک فورس کی سفارش پر ایڈیشنل کمشنر ایسٹ زاہد میمن نے پانچوں پلانٹس سیل کردیئے۔