ملک بھر میں آرمی پبلک اسکول طرز کے حملوں کا خطرہ شہر میں سیکورٹی سخت

August 17, 2015 4:52 pm0 commentsViews: 24

اٹک میں خودکش حملے کے بعد سندھ کی وزارت داخلہ نے حساس تنصیبات‘ وزراء اور اہم سرکاری افسران کی سیکورٹی سخت کرنے کی ہدایت کردی
حساس اداروں نے سبزی منڈی کے عقب میں چھاپہ مار کر کالعدم تنظیم کے 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بارودی مواد برآمد کرلیا
لاہور( نیوز ڈیسک) خفیہ ایجنسیوں نے ملک میں آرمی پبلک اسکول پشاور طرز کے دہشت گردوں کے حملوں کا خطرہ ظاہر کردیا ہے‘ دہشت گرد ملک کے کسی بھی حصے میں پشاور طرز حملے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے سیکورٹی کے اداروں کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں حملوں کا خدشہ ظاہر کیا گیاہے‘علاوہ ازیں اٹک میں خودکش حملے میں پنجاب کے وزیر داخلہ کی شہادت کے بعد سندھ کی وزارت داخلہ نے بھی کراچی میں سیکورٹی کے انتظامات مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں‘ شہر کی تمام حساس عمارتوں‘ تنصیبات اور دفاتر کے ساتھ اہم وزراء اور دیگر سرکاری افسران کو بھی سیکورٹی کی سخت ہدایت کی ہے‘ دوسری جانب کراچی ایئر پورٹ پر سخت حفاظتی اقدامات کے تحت مسافروں کے ساتھ ایک شخص کو ہی ایئر پورٹ میں داخلے کی اجازت دی جارہی ہے‘ ذرائع نے بتایا کہ حساس ادارے کی جانب سے چند روز قبل ہی ایک مراسلہ ارسال کیاتھاجس میں بتایا گیا تھا کہ صوبائی وزراء اور پولیس افسران پر حملوں کا خدشہ ہے جس کے بعد کورنگی میں4پولیس اہلکاروں کا قتل بھی کردیا گیا سائوتھ زون انٹیلی جنس افسر نے کہا کہ سائوتھ زون کا ایک بڑا حصہ ریڈ زون میں شامل ہے اور ریڈ زون کی حفاظت کیلئے اضافی نفری کے ساتھ آر آر یف کے کمانڈوز اور ایس آر پی کے اہلکار بھی تعینات کردیئے گئے ہیں۔ ادھر حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر سپر ہائی وے سبزی منڈی کے عقب میں چھاپہ مار کر کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے3 مبینہ دہشت گردوں کو حراست میں لے کر اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا اورحراست میں لئے جانیوالے افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش شروع کردی ۔

Tags: