وزیراعلیٰ سندھ کا شہبازشریف کو ٹیلی فون، سانحہ اٹک پر تعزیت

August 17, 2015 4:54 pm0 commentsViews: 16

دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا عزم مزید مستحکم ہورہا ہے، قائم علی شاہ
حکومت سندھ اور صوبے کے عوام اٹک میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے صوبہ پنجاب کے وزیرداخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ پر خودکش حملے کی پر زور الفاظ میں مذمت کی ہے اور ان کی شہادت پر دلی صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اس حملے کو دہشتگردی کی سفاکانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو ٹیلیفون کرکے اٹک میں خودکش دھماکے میں پنجاب کے وزیرداخلہ اور دیگر افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے شہبازشریف سے گفتگو میں کہا کہ دہشتگردوں کی ایسی بزدلانہ کاروائیاں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتی اور ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا عزم مزید مستحکم ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ دہشتگرد حملوں میں شہید ہونے والوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،دہشتگرد، انتہاپسند اور ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک عزام میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ اور سندھ کی عوام اٹک میں ہونے والے اندوہناک واقعے میں ہونے والے شہید افراد کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

Tags: