آج صبح گارڈن میں مکان کی چھت سے گر کر معمر شخص ہلاک ۔ دیگر جرائم و حادثات میں مزید ہلاکتیں اور زخمی

August 17, 2015 5:15 pm0 commentsViews: 49

متوفی پٹیل پاڑہ کا رہائشی تھا اور اپنے رشتہ داروں کے گھر آیا ہوا تھا جہاں حادثہ پیش آیا
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے گارڈن میں مکان کی چھت گرنے سے ایک معمر شخص جاں بحق، تفصیلات کے مطابق آج صبح گارڈن کے علاقے سنہری مسجد کے قریب مکان کی چھت گرنے کے باعث ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کو ضابطے کی کارروائی کے لئے سول اسپتال پہنچایا گیا۔ جہاں متوفی کی شناخت65 سالہ نواب شاہ ولد عرفت شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ متوفی پٹیل پاڑہ کا رہائشی تھا اور اپنے رشتے داروں کے گھر آیا ہوا تھا۔ متوفی کے ورثاء بغیر کارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے۔

آج صبح بلدیہ ٹائون میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک
مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے تھے، ایک دم توڑ گیا
واقعہ ذاتی جھگڑے کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، پولیس نے تحقیقات شروع کر دی
کراچی( کرائم ڈیسک) صبح سویرے بلدیہ اتحاد ٹائون میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک دوسرا زخمی، تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹائون اتحاد ٹائون اللہ اکبر محلے میں نا معلوم مسلح موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے 2 افراد کو شدید زخمی کردیا۔ جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال پہنچایا جہاں ایک زخمی دم توڑ گیا۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت60سالہ محمد حسین قادر اور زخمی کی 38 سالہ محمد رمضان کے نام سے ہوئی ہے، مقتول اور زخمی اتحاد ٹائون اللہ اکبر محلے کے رہائشی تھے۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ واقعے میں نائن ایم ایم پستول کا استعمال ہوا ہے۔ جس کے جائے وقوعہ سے 6 خول بر آمد ہوئے ہیں۔ پولیس کو مذکورہ واقعہ ذاتی جھگڑا یا لین دین کا تنازعہ معلوم ہوتا ہے۔ جس کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

پانی کا دبائو بڑھ گیا ٹھٹھہ میں نیوی اہلکار سمیت 3 افراد ڈوب کر ہلاک
آر بی او ڈی سیم نالے میں مزید شگاف پڑنے سے ہزاروں ایکڑ پر تیارفصل تباہ‘ سورجانی اور منار کی پر پانی کی سطح بلند ہوگئی
ٹھٹھہ کے حفاظتی بندوں پر شدید دبائو‘ سیلاب زدگان کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑینگے‘ سردار سکندر کی صحافیوں سے گفتگو
مٹیاری، ٹھٹھہ( نیوز ڈیسک) ٹھٹھہ میں مختلف واقعات میں نیوی اہلکار سمیت تین افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ دریائے سندھ میں پانی کے بہائو میں اضافے کے باعث حفاظتی بندوں پر سخت دبائو برقرار ہے جبکہ آر بی او ڈی سم نالے میں شگاف پڑنے کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا، دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سردار اسد سکندر نے کہا کہ دریائے سندھ کی سیلابی صورتحال پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ کوٹری کے مقام پر بندوں پر ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ کچے کے سیلاب زدگان کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ گھوڑا باڑی کے مقام پر دریائے سندھ کے کچے میں ایک زمیندار کی فصل سیلابی پانی سے بچانے کے لئے بند پر کام کرنے والے2 افراد گل محمد خشک، یوسف خشک سیلابی ریلے کی زد میں آکر دریائے سندھ میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ دونوں کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں۔ دریں اثناء غلام اللہ کے قریب تبلیغی جماعت کے ساتھ آنے والا کراچی کا رہائشی نیوی ملازم یوسف ساکرو نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جان بحق ہوگیا۔ ادھر سمندر میں طغیانی کے باعث ٹھٹھہ کی حدود سے گزرنے والا اونچے درجے کا سیلابی ریلہ دو روز سے بحیرہ عرب میں داخل نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے ٹھٹھہ کے حفاظتی بندوں پر سخت دبائو بر قرار ہے۔ جبکہ آر بی او ڈی سم نالے میں مزید دو شگاف پڑ گئے جس سے درجنوں دیہات زیر آب آگئے جبکہ ہزاروں ایکڑ تیار فصل تباہ ہوگئی، کوٹری ڈائون اسٹریم میں6 لاکھ کیوسک کے سیلابی ریلے میں تیزی آگئی ہے۔ حساس مقامات سورجانی اور منارکی پر پانی کی سطح پر بلند ہوگئی ہے۔ آبپاشی ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس مقامات پر کڑی نگرانی کے ساتھ تمام مشینری اور پتھر وغیر پہنچا دئے گئے ہیں۔

بے رحم سمندری موجیں 7 شہریوںکو نگل گئیں
منوڑا‘ ہاکس بے اور سنہرا پوائنٹ ڈوبنے والوں میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد بھی شامل ہیں ایک کو زندہ بچالیا گیا
دو کی تلاش جاری‘ معظم رفیق‘ معراج‘ طلحہ حسن اور سید علی کی لاشیں قریبی اسپتال منتقل کی گئیں
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کراچی کے شہریوں نے سمندر میں نہانے پر عائد پابندی ہوا میں اڑا دی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے6 افراد سمیت7 شہری سمندری موجوں کی نذر ہوگئے جن میں سے5 کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ2کی تلاش جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ماڑی پور کے علاقے منوڑا پوائنٹ ہٹ نمبرایس78 کے قریب اتوار کو اہلخانہ کے ساتھ پکنک پر آنے والے4 نوجوانوں سمیت7 افراد ڈوب گئے ہیں۔ اس اطلاع پر پولیس اور لائف گارڈ کے رضا کاروں نے موقع پر پہنچ کر 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ایک ہی خاندان کے4 نوجوان 31 سالہ معظم رفیق ولد سید رفیع عالم، 25 سالہ معراج ولد اعظم رفیق، 22 سالہ طلحہ حسن ولد شاہد حسن، 65 سالہ سید بدر علی ولد سید وارث حسن کی لاشیں نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیں جبکہ محمد نامی شخص کو زندہ نکال کر سول اسپتال منتقل کردیا جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ جبکہ2 افراد کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔ ایس ایچ او مدد علی زرداری کا کہنا ہے کہ مذکورہ فیملی پکنک منانے کی غرض سے آئے تھے۔ متوفین آپس میں رشتے دار ہیں ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے سنہرا پوائنٹ پر پکنک منانے کے دوران14 سالہ گل صبا دختر محمد حسین ڈوب گئی جس کی لاش نکال کر سول اسپتال منتقل کی۔

ٹریفک حادثات میں پولیس اہلکار سمیت3افراد ہلاک
نیشنل ہائی وے پرو تیزرفتار ٹرالر نے ٹریفک پولیس کو کچل کر شدید زخمی کردیاتھا، ڈرائیور گرفتار
لیاقت آباد پل اور یوسف گوٹھ میں نامعلوم گاڑیوں کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار راہگیر ہلاک
کراچی( کرائم ڈیسک) مختلف علاقوں میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوگئے، تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد تھانے کے سامنے لیاقت آباد پل پر نا معلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوا25 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق شناخت نہ ہونے پر لاش کو ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا۔ بلدیہ ٹائون کے علاقے یوسف گوٹھ میں نا معلوم گاڑی کی ٹکر سے راہگیر 30 سالہ نا معلوم شخص جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی۔ اسٹیل ٹائون کے علاقے نیشنل ہائی وے لنگ روڈ پر تیز رفتار ٹریلر کی زد میں آکر ٹریفک پولیس کا اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔ جسے تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں پر اس نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا، پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں متوفی کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل فضل محمد کے نام سے کی گئی جبکہ پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ٹریلر کو تحویل میں لینے کے ساتھ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔

کورنگی انڈسٹری میں فائرنگ سے
جاں بحق شخص کی شناخت ہوگئی
کراچی(کرائم رپورٹر)کو رنگی صنعتی ایریا کے علاقے میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت ہوگئی ،پولیس نے قتل میں ملوث دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے چمڑا چورنگی پلیا نزد ضیاء کالونی میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 27سالہ رسول بخش بھگئیوکے نام سے کرلی گئی ،سب انسپکٹر صغیر نے بتایاکہ پولیس نے مقابلے کے بعد دو ملزمان محبوب اور ایاز بلیدی کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ،پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اور ملزمان جرائم پیشہ افراد ہے انکے درمیان کسی تنازعے پر جھگڑا ہوا تھا جس پر ایاز اور محبوب نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا پولیس نے انکے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ،جبکہ مقتول کورنگی بلال کالونی اللہ داد گوٹھ کا رہائشی تھا ۔

ناظم آباد میں بھتہ نہ دینے پر فائرنگ،2ا فراد ہلاک
موٹر سائیکل سواروں نے پکوان سینٹر پر گولیاں برسا دیں، رشید قورمے والے کے بیٹے سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے
ہوٹل کا ملازم عمران زخمی ہو گیا، خلد آباد سے چادر میں لپٹی ہوئی نوجوان کی لاش ملی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ناظم آباد میں بھتہ نہ دینے پر ملزمان نے پکوان سینٹر پر فائرنگ کرکے رشید قورمہ والے کے بیٹے سمیت2افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ۔خلدآباد سے چادر میں لپٹی ہوئی 25 سالہ نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی، تفصیلات کے مطابق ناظم آباد کے علاقے ناظم آباد نمبر 3 ممتاز نہاری کے سامنے واقع رشید قورمہ والے کی دکان پر اتوار کی صبح موٹر سائیکل سوار مسلح دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے ، فائرنگ کے نتیجے میں 35 سالہ ریحان ولد رشید،60 سالہ مراد سعید ولد ابو محمد اور 24 سالہ عمران ولد غلام نبی شدیدزخمی ہوگئے ، فائرنگ کے نتیجے میں ہوٹل میں موجود تمام افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف وہراس پھیل گیا ،پولیس نے فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا ریحان نے راستے میں دم توڑ گیا جبکہ مراد سعید اسپتال میں دوران علاج چل بسا۔ شاہ لطیف کے علاقے خلدآباد گودھری گرائونڈ سے چادر میں لپٹی ہوئی 25 سالہ نوجوان کی لاش ملی ، پولیس نے لاش کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے قریبی اسپتال پہنچایا، اس ضمن میں قائم مقام ایس ایچ او سب انسپکٹر اکبر کا کہنا ہے کہ مقتول کو نامعلوم ملزمان نے اغواء کرنے کے بعد چھری کے پے در پے وار کرکے قتل کردیا اور لاش کو چادر میں لپیٹ کر ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے ، مقتول کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی۔

اورنگی ٹائون میں متحدہ کے کارکنوں کو قتل کردیا گیا
ولایت شاہ کالونی میں مسلح موٹرسائیکل سواروں نے 26 سالہ نعمان کو گولیاں ماردیں اور فرارہوگئے
اسی مقام پر گزشتہ برس مقتول کے بھائی سٹی وارڈن اکرم کو بھی قتل کیا جاچکا ہے
کراچی( کرائم رپورٹر)اقبال مارکیٹ کے علاقے اورنگی ٹائون سیکٹر گیارہ بلاک ایل بابا ولایت علی شاہ کالونی نزد عثمانیہ مسجد کے قریب متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن 26 سالہ نعمان عرف نومی ولد منور کو موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند گولیاں مار کر ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے،واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو اسپتال منتقل کیا،جبکہ جائے وقوعہ سے پولیس نے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول اپنی تحویل میں کرلیا،ایس ایچ ا واعجاز خان کے مطابق مقتول کو 6 گولیاں لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی،مقتول اسی علاقے کارہائشی اور متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ 124 کا کارکن تھا،جبکہ گزشتہ ایک برس قبل اسی مقام پر مقتول کے بھائی سٹی وارڈن اکرم کو بھی قتل کیا گیا تھا،علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مقتول وقوعہ سے قبل نماز پڑھنے جارہاتھا کہ گھات لگائے ملزموں نے مسجد کے قریب ہی ٹارگٹ کیا،جبکہ ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ وہ جائے وقوعہ کے قریب چوک پر بیٹھا ہوا تھا کہ اسے نشانا بنایا گیا،تاہم پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

گلستان جوہر میں فلیٹ سے
عمر رسیدہ شخص کی لاش برآمد
کراچی(کرائم رپورٹر) شاہراہ فیصل کے علاقے گلستان جوہر میں واقع ایک رہائشی عمارت کے فلیٹ سے عمر رسیدہ شخص کی لاش پائی گئی،ایس ایچ او اکبر علی چنہ کے مطابق متوفی فلیٹ میں اکیلارہائش پذیر تھا ،جو پراسرار طور پر ہلاک ہوا،تاہم لاش کی اطلاع فلیٹ کے مکینوں نے تعفن اٹھنے پر دی،پولیس نے لاش تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردی،فوری طور پر متوفی کی شناخت اور وجہ موت معلوم نہیں ہوسکی۔

فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر) شاہ لطیف ٹائون کے علاقے جام کھنڈو گوٹھ میں فائرنگ کے واقعے میں 25 سالہ عبدالرحمن زخمی ہوا۔سعید آباد کے علاقے بلدیہ ٹائو ن سیکـٹر19/D میں پراسرار طور پر فائرنگ کے واقعے میں 35 سالہ شاہدحسین ولد محمد اسلم زخمی ہوا۔

چنیسر گوٹھ میں پولیس مقابلے میں
زخمی ہونیوالا گینگ وار کارندہ ہلاک
کراچی (کرائم رپورٹر) محمود آباد چنیسرگوٹھ میں13 اگست کی شب رینجرز اور پولیس مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتارہیکل گروپ کارندہ اسپتال میں دم توڑ گیا،جو پولیس کو قتل سمیت دیگر سنگین جرائم کے 9 کیسز میں مطلوب تھا۔تفصیلات کے مطابق محمودآباد کے علاقے چنیسر گوٹھ میں 13 اگست کی شب رینجرز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن ومقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار ہونے والا ملزم عبدالغفار عرف پپو اتوار کی شب جناح اسپتال میں دم توڑ گیا،ایس ایچ او سرور کمانڈو کے مطابق ملزم عبدالغفار عرف پپو پولیس کو قتل ،پولیس مقابلے اور منشیات کے نو مقدمات میں مطلوب و اشتہاری تھااور اس کا تعلق ہیکل گروپ سے بتایا جاتا ہے ،جو چنیسر گوٹھ کارہائشی تھا،تاہم پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش اس کے اہلخانہ کے حوالے کردی ۔

 

Tags: