اسنیپ چیکنگ سی این جی رکشوں کی پکڑ دھکڑ‘ بھاری رشوت کی وصولی

August 17, 2015 5:22 pm0 commentsViews: 20

علاقہ پولیس رکشوں سے مسافروں کو اتار کر 200 روپے لیتے ہیں‘ رشوت نہدینے پر تھانے لے جاکر 5 ہزار روپے لئے جاتے ہیں
فرار ہونے کی کوشش کرنے والے سی این جی رکشوں کو پکڑ کر ایک ہزار روپے جرمانہ وصول کیا جاتا ہے‘ رکشہ تنظیموں کی شدید احتجاج کی دھمکی
کراچی( نیوز ڈیسک) عدالتی احکامات کو جواز بناتے ہوئے ٹریفک پولیس کے ساتھ علاقہ پولیس نے بھی اسنیپ چیکنگ کے نام پر چنگ چی رکشوں کے ساتھ سی این جی رکشوں کی بھی پکڑ دھکڑ شروع کر دی۔ سواریوں سے لدے رکشوں کو روک کر مسافروں کو اتارا جاتا ہے200 روپے کی فوری ادائیگی کے بعد رکشوں کو جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔ رشوت کی عدم ادائیگی پر رکشوں کو تھانے منتقل کرکے 5 ہزار روپے تک وصول کئے جاتے ہیں۔ دوسری جانب پولیس کی موبائلیں فرار ہونے والے رکشوں کو پکڑنے کے بعد ایک ہزار روپے فوری جرمانہ وصول کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ عدالت نے موٹر سائیکل پر تیار چنگ چی رکشوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کئے تھے۔ جس پر ٹریفک پولیس کے ساتھ علاقہ پولیس نے بھی بھتہ وصولی کا بازار گرم کر دیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، نارتھ کراچی، نیو کراچی، اورنگی ٹائون، اولڈ سٹی ایریا، بلدیہ ٹائون، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا، گلشن اقبال، گلستان جوہر سمیت دیگر علاقوں کی پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے نام پر چنگ چی رکشوں کے ساتھ سی این جی رکشوں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی ہے۔ رکشہ تنظیموں نے پولیس کی بھتہ خوری کے خلاف سڑکیں بلاک کرکے شدید احتجاج کرنے کی دھمکی دی ہے۔

Tags: