سانحہ اٹک پنجاب کے شہری علاقوں میں بھی بھرپور آپریشن کیا جائے سیاسی و مذہبی رہنما

August 17, 2015 5:23 pm0 commentsViews: 31

شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی‘ عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں ہونگے‘ دہشت گرد منطقی انجام کو پہنچیں گے
واقعہ میں بھارت کا ہاتھ نظر انداز نہیں کیا جاسکتا‘ اعجاز جاکھرانی‘ ثروت اعجاز قادری‘ عمران ظفر لغاری‘ شبیر ابو طالب و دیگر کاردعمل
کراچی( اسٹاف رپورٹر) مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے اٹک میں کرنل شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر خود کش حملے کی مذمت کی ہے اور اس کے نتیجہ میں شجاع خانزادہ سمیت ایک درجن سے زائد افراد کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔ اور شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بلکہ رنگ لائیں گی اور دہشت گرد اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی اعجاز جاکھرانی، نواب وسان، عمران ظفر لغاری اور شاہجہان بلوچ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی آخری گھڑی آپہنچی ہے۔ کیونکہ عوام اور سیاسی قیادت دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے۔ جس طرح حکومت وزیرستان اور کراچی میں آپریشن کر رہی ہے۔ اسی طرح پنجاب کے شہری علاقوں میں بھی مذہبی انتہا پسندی کے خلاف بھی آپریشن کیاجائے۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اٹک میں پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر دھماکہ ملک کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔ پاکستان دشمن طاقتوں کو لگام دینے کیلئے آپریشن ضرب عضب کو مزید تیز کیا جائے۔ دہشت گردوں کا قلع قمع کرکے ہی دم لیں گے۔ بے گناہ افراد کے خون سے ہولی کھیلنے والے اللہ کے عذاب سے نہیں بچ سکیں گے جمعیت علماء پاکستان کے رہنما شبیر ابو طالب نے کہا کہ خود کش دھماکے میں شجاع خانزادہ سمیت دیگر افراد کی شہادت دہشت گردوں کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔

Tags: