سامراجی قوتوں سے پاکستان کو آزاد کرانا معجزہ ہے

August 17, 2015 5:35 pm0 commentsViews: 17

1970ء کے بعد پہلی بار قوم آزادی کے موقع پر یکجا نظرآرہی ہے،لیفٹیننٹ کرنل شاہد امیر
کراچی( اسٹاف رپورٹر) اسلام کے نام پرپاکستان کی آزادی اللہ تعالیٰ کا انمول تحفہ ہے، نظریہ پاکستان ہماری مضبوط بنیاد ہے ہمیں ہر حال میں اس کی حفاظت کرنی ہے، سامراجی قوتوں کے چنگل سے پاکستان کا آزاد ہونا کسی معجزے سے کم نہیں، یوم ِآزادی کو یومِ تشکّر کے طورپر منایاجائے، پاکستانی عوام کی سب سے بڑی طاقت بیمثال جذبہ حُب الوطنی ہے، اپنے بہترین کردار و عمل سے پاکستان کی عظمت اور اہمیت کو عالمی سطح پر اجاگر کریں، ان خیالات کا اظہار ونگ کمانڈر 61ونگ لیفٹیننٹ کرنل شاہد امیر خان، ڈی آئی جی سائوتھ ڈاکٹر جمیل احمد اور تاجر رہنما عتیق میر نے آل کراچی تاجر اتحاد کے زیرِاہتمام اللہ والا مارکیٹ، آرام باغ فرنیچر مارکیٹ، جامع کلاتھ مارکیٹ اور عالم کلاتھ مارکیٹ میں قومی پرچم لہرانے کی علیحدہ علیحدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر اکرم رانا، شیخ محمد عالم، محمد آصف، سید کلیم الدین، سیف الرحمان، انصار بیگ قادری، طارق ممتاز، زبیر علی خان، عبدالغنی اخوند، احمد شمسی، سمیع اللہ خان، سید شرافت علی، ملک اسلم جاوید آرائیں، ضیاء عمر سہگل، میر عبدالحئی خان، دلشاد بخاری، عبدالقادر، سید محمد سعید، محمد عارف،یوسف خان، میجر عنایت درانی، ایس پی سٹی شبیر احمد اور تاجروں کی بڑی تعداد موجود تھی، لیفٹیننٹ کرنل شاہد امیر خان نے کہا کہ ہمیں آزادی کی نعمت کی قدر کرنا ہوگی دو قومی نظریہ پاکستان کی اساس ہے، غلامی کی ذلت میں ڈوبی ہوئی قوموں کی حالتِ زار دیکھ کر آزادی کی عظمت کا احساس کریں، ڈی آئی جی جنوبی ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ پرچم کی حرمت برقرار رکھنے والی قومیں ہمیشہ سربلند رہتی ہیں، انھوں نے کہا کہ کراچی کے امن کیلئے تاجروں نے بھی سپاہی کا کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں آج مثبت تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے، آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے اپنے خطاب میں کہا کہ 1970کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب پوری قوم یومِ آزادی کے موقع پر پورے جوش و خروش کے ساتھ یکجا اور متحد نظر آتی ہے، ملک کے 68ویں یومِ آزادی پر وطن سے ِ محبت، عقیدت اور قابلِ فخر پاک فوج سے یکجہتی کا اس قدر والہانہ اظہار اس بات کی ضمانت ہے کہ قوم کا دل اپنے عظیم وطن اور قابلِ فخر افواج کی محبت سے سرشار ہے، تاجروں کا جوش و جذبہ قابلِ تحسین ہے ، مارکیٹوں میں سبز پرچموں کی بہار نے جشن آزادی کا لطف دوبالا کردیا ہے، انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام اور تاجر اپنے جنت نظیر ملک کی حرمت پر کبھی بھی آنچ نہیں آنے دیں گے اور مادرِ وطن کی سلامتی اور بقاء کیلئے باہمی اختلافات اور تنازعات بھلاکر دشمن کے خلاف صف آراء رہینگے، اپنی قابلِ فخر فوج کے شانہ بشانہ ہونگے اور ہمیشہ کی طرح اپنے ملک کے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیں گے۔