فوج اور سول حکومت میں ٹینشن بڑھ رہی ہے، شیخ رشید

August 18, 2015 3:58 pm0 commentsViews: 31

نواز شریف کو راحیل شریف کی مقبولیت پرداشت نہیں ہے، ایم کیو ایم نے استعفے دے کر نئی فضاء پیدا کر دی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مشاہد اللہ خان نے اپنے سیاسی قد سے بڑا بیان دیا ہے۔ فوج اور سول حکومت میں ٹینشن بڑھ رہی ہے۔ نوازشریف کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مقبولیت برداشت نہیں ہے۔ ٹی وی پروگرام میں گفتگو میں شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کوئی بندہ بھی اس ملک میں مقبول سیاستدان نہیں ہے۔ تحریک انصاف کی مقبولیت میں فرق پڑاہے۔ میں نے عمران خان سے کہا ہے کہ وہ غور کریں کیوں ایسا ہورہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اندازہ نہیں تھاکہ ایم کیو ایم اچانک استعفے دے کر نئی فضاء پیدا کردے گی۔ سندھ میں بنتی فضاء دیکھ کر لگ رہا تھا کہ ایم کیو ایم سے پہلے پیپلزپارٹی استعفے دے گی۔ ایم کیو ایم اسمبلیوں میں واپس آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ کا اپنے صوبے میں ماراجانا بری خبر ہے۔ حکومت کی رٹ کہاں ہے؟ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ رینجرز کو کراچی کے لوگوں کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔ فوج باکسنگ رنگ میں ہے وہ ٹارگٹ کلرز، بھتہ خوروں اور ایسے پیسے لینے والوں کو رنگ سے نکال باہر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری، نواز شریف اور ایم کیو ایم کو ایک پچ پر دیکھتا ہوں۔ جبکہ فوج دوسرے پچ پر ہے۔ حکومت ختم ہوسکتی ہے مگر کراچی آپریشن ختم نہیں ہوسکتا۔

Tags: