وزیر اعلیٰ سندھ کو 28 کالعدم تنظیموں کی فہرست ارسال سخت اقدامات کی سفارش

August 18, 2015 3:57 pm0 commentsViews: 20

فہرست میں سانحہ صفورا‘ شکار پور سمیت دیگر دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث کالعدم تنظیموں اور کارندوں کے نام شامل
وفاق نے صوبوں کو کالعدم تنظیموں کی معلومات اکٹھی کرکے نیکٹا کو دینے کی ہدایت کی تھی مگر ابھی تک مکمل معلومات نہیںکی جاسکی
کراچی(نیوزڈیسک)ایپکس کمیٹی کے فیصلے کے بعد محکمہ داخلہ نے 28 سے زائد کالعدم اور نام تبدیل کرکے کام کرنے والی جماعتوں اور ان کے سینکڑوں سرگرم کارکنان کے خلاف کریک ڈائون کرنے کے لیے حتمی فہرست وزیراعلیٰ کو ارسال کردی ہے۔ اس فہرست میں کالعدم تنظیموں کے انتہاپسند عناصر کے خلاف سخت قسم کے اقدام اٹھانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ تیار کردہ حتمی فہرست کی منظوری کے بعد ہی ممکنہ طور پر کوئی کارروائی ہوسکتی ہے۔ سانحہ صفورا، شکارپور سمیت دیگر دہشت گردی کے سنگین واقعات میں یہی کالعدم جماعتیں ملوث رہی ہیں۔ جس کا اعتراف بھی متعلقہ دہشت گردوں نے کیا۔ اس فہرست میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تنظیمیں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن E(2-11) کے زمرے میں آتی ہیں جن کے خلاف کارروائی ہونا قانون کے مطابق ہے۔ اس سے قبل وفاق نے سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی حکومتوں کو حکم دیا ہے کہ وہ ملک کے اندر کام کرنے والی کالعدم تنظیموں کی مکمل تفصیلات تیار کرکے نیکٹا حکام کو ارسال کریں لیکن ابھی تک کالعدم جماعتوں کی مکمل تفصیل اکٹھی نہیں کی جاسکی ہے۔

Tags: