ملک میں کنگز پارٹی بنانے کی تیاریاں مکمل‘ پرویز مشرف سربراہ ہونگے

August 18, 2015 4:04 pm0 commentsViews: 20

سیاسی جماعتوں کے ناراض رہنمائوں سے رابطے جاری‘ آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے حکمت عملی کی تیاری بھی شروع
نئی پارٹی میں چوہدری شجاعت حسین‘ شیخ رشید‘ غوث علی شاہ و دیگر شامل ہوں گے‘اسلم رئیسانی اور جاوید ہاشمی کا شمولیت سے انکار
اسلام آباد( آن لائن) ملک میں کنگز پارٹی بنانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ پرویز مشرف نئی پارٹی کے سربراہ ہوں گے۔ اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کے ناراض رہنمائوں سے رابطے بھی جاری ہیں۔ ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ ملک میں آئندہ الیکشن کی حکمت عملی تیار کرنے کا سلسلہ ابھی سے شروع کردیا گیا ہے اور مسلم لیگ ن کو شکست دینے اور تحریک انصاف کو سپورٹ کرنے کے لیے ایک نئی پارٹی تشکیل دی جارہی ہے جو مستقبل میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعت کی حیثیت سے عام انتخابات میں حصہ لے گی۔ پارٹی میں پنجاب سے چوہدری شجاعت حسین، پرویز الٰہی، ذوالفقار کھوسہ، دوست کھوسہ، شیخ رشید، سندھ سے غوث علی شاہ، پیر پگارا، ممتاز بھٹو، لیاقت جتوئی، نبیل گبول، ذوالفقار مرزا شامل ہیں۔ سابق وزیراعظم آزادکشمیر سکندر حیات اور سردار عتیق کو بھی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے۔ تاہم بلوچستان اورپنجاب سے لشکر رئیسانی اور سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ جاوید ہاشمی اور لشکر رئیسانی نے کنگ پارتی میں شمولیت سے انکار کردیا ہے۔

Tags: