شوہر کا تشدد،6 ماہ کی دلہن خلع کیلئے عدالت پہنچ گئی

August 18, 2015 4:11 pm0 commentsViews: 21

نکما شوہر نشے میں تشدد اور غیر مردوں سے تعلقات پر مجبور کرتا ہے، خاتون کی فریاد
کراچی(اسٹاف رپورٹر) 6 ماہ کی دلہن شوہر کے تشدد سے تنگ آکر خلع حاصل کرنے کے لیے عدالت پہنچ گئی۔ شوہر نے پولیس کے ہمراہ مل کر جھوٹے بے بنیاد مقدمات میں ملوث کرکے ہراساں کرنے کا عمل شروع کردیا۔ خاتون عدالت میں پیش ہوگئی اور دھاڑیں مار مار کر شوہر کے ظلم کی داستان سناتی رہی۔ لاسی گوٹھ احمد جمال پاڑہ گلستان جوہر کی رہائشی مسماۃ ریشماں زوجہ سلیم نے اپنے بیان میں بتایا کہ 6 ماہ قبل میری شادی سلیم کے ساتھ ہوئی اس دوران شوہر نے سہاگ رات سے لے کر تاحال مجھ کو نشے کی حالت میں بلاوجہ تشدد کرکے زخمی کیا اور نکمے شوہر نے غیرمردوں کے ساتھ تعلقات قائم کرنے اور ماہانہ 80 ہزار کما کر دینے کا کہا۔ انکار پر اس نے گلزار ہجری پولیس کی مدد سے تنگ کرنا شروع کردیا۔ 6 ماہ کی شادی میں 2 ماہ ظلم کے برداشت کیے۔ چار ماہ سے رشتہ داروں کے گھر دربدر ہو کر جان بچانے کے لیے چھپتی پھر رہی ہوں۔ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں خلع داخل کرنے آئی ہوں، مجھ کو انصاف فراہم کیاجائے۔

Tags: