دہشتگردی کا مقدمہ ہارنے پر پولیس افسران کیخلاف کارروائی ہوگی‘ وزیر اعلیٰ سندھ

August 19, 2015 4:32 pm0 commentsViews: 31

پولیس اور رینجرز کی قربانیوں سے مجرم گرفتار کئے جاتے ہیں مگر غیر معیاری تحقیقات کے باعث ساری محنت رائیگاں چلی جاتی ہے
وزیر اعلیٰ ہائوس میں اجلاس‘ انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات پر گہری نظر رکھنے کیلئے کمیٹی کی تشکیل
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ے کہ انسداد دہشتگردی کی عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تحقیقات اور پراسیکیوشن کی سست روی سے پیش رفت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چار رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو کہ ہر مقدمہ پر گہری نظر رکھے گی۔ یہ فیصلہ منگل کو وزیر اعلیٰ ہائوس میں مقدمات کی پراسیکویشن اور تحقیقات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن نے اجلاس کو بتایا کہ جون2015 ء میں انسداد دہشت گردی کی تمام 19 عدالتوں نے101 مقدمات کا فیصلہ سنایا جن میں 77 ملزمان بری کئے گئے اور 24 کو سزا سنائی گئی جبکہ 27 ضلعی عدالتوں میں 2075 مقدمات جون 2015 ء میں حل کئے گئے جن میں سے 1472 مقدمات میں بریت جبکہ 603 مقدمات میں سزائیں دی گئیں۔ انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں 1618 مقدمات زیر التوا ہیں جون 2015 ء میں 8 مقدمات کے فیصلے ہوئے جن میں سات ملزمان کو بری کر دیا گیا جبکہ ایک مقدمہ میں سزا دی گئی وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ نا قابل برداشت ہے کہ بڑی محنت جدوجہد اور پولیس اور رینجرز کی قربانیوں کے بعد مجرم گرفتار کئے جاتے ہیں مگر غیر معیاری تحقیقات اور پراسیکیوشن کی سست روی کی وجہ سے ساری محنت رائیگاں جاتی ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ پولیس کو تحقیقات کیلئے سینئر ترین اور نامور پولیس افسران مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ اگر آئندہ کسی عدالت میں دہشت گردی کا مقدمہ ہارا گیا تو متعلقہ ایس ایچ او اور تحقیقاتی افسر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

رشید گوڈیل پر حملے کے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ سندھ کافاروق ستار کو فون،ملزمان کو کٹہرے میں لانے کی یقین دہانی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس کو حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کے احکامات دئیے ہیں۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو ٹیلی فون کرکے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور رشید گوڈیل پر حملہ کرنے والے ملزمان کو ہر قیمت پر گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لانے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے رشید گوڈیل کی جلد صحتیابی کیلئے بھی خدا وند کریم سے دعا کی ہے دریں اثناء وزیر اعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ کو فون کرکے رشید گوڈیل پر حملے کی تفصیلات حاصل کیں اور انہیں حملے میں ملوث دہشت گردوں کو بلا تاخیر گرفتار کرنے اور واقعہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کئے۔

Tags: