سول ایوی ایشن کے 1000 افسران کی ڈگریوں کی دوبارہ اسکروٹنی ہوگی

August 19, 2015 4:53 pm0 commentsViews: 20

کئی افسران کی تکنیکی تربیت اور تعلیمی اسنادکی جانچ پڑتال میں میرٹ کے تقاضوں کو پورا نہ کرنے کی شکایات پر فیصلہ
3 ہزار ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل آخری مراحل میں داخل‘ جعلی ڈگری والے 1300 ملازمین کو برطرف کرنے کی ہدایت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک ہزار سے زائد افسران کی تعلیمی اسناد اور ڈگریوں کی دوبارہ اسکروٹنی کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جبکہ3 ہزار سے زائد ملازمین کی تعلیمی اسناد اور ڈگریوں کی تصدیق کا عمل آخری مراحل میں پہنچ گیا۔ ادارے کی انتظامی تعلیمی اسناد اور ڈگریاں جعلی ثابت ہونے پر1300 افسران اور ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کرنے کے احکامات جاری کر چکی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق اپنے تمام افسران اور ملازمین کی تعلیمی اسناد اور ڈگریوں کی تصدیق لازمی کراتی ہے یہ عمل کئی سالوں سے جاری ہے۔ تاہم چند ماہ سے اس عمل میں تیزی آگئی ہے۔ سی اے اے ذرائع کے مطابق ادارے میں اسکروٹنی میں جعلی تعلیمی اسناد رکھنے والے افسران و ملازمین کی ایک بڑی تعداد ایسی ہے جسے نوکریوں سے فارغ کرنے کے احکامات جاری کئے جا چکے ہیں لیکن وہ عدالتوں سے حکم امتناع لے کر نوکریاں کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سی اے اے نے افسران کی تعلیمی اسناد اور ڈگریو ںکی دوبارہ اسکروٹنی کا فیصلہ اس حوالے سے ملنے والی متعدد شکایتوں کے بعد کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سی اے اے کے کئی افسران کی تکنیکی تربیت اور تعلیمی اسناد میں اسکروٹنی میرٹ کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا گیا۔

Tags: