کراچی کے6 اضلاع میں ٹریفک پولیس تھانوں کے قیام کا فیصلہ

August 19, 2015 5:02 pm0 commentsViews: 21

غیر قانونی پارکنگ میں ملوث گروہ کے کارندے گرفتار، مقدمات درج
کراچی( اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ نے شہر کے 6 اضلاع میں ٹریفک پولیس کے تھانوں کی منظوری دیکر سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی گئی۔ سیکریٹریٹ سیکشن آفیسر نے شارع عراق پر غیر قانونی پارکنگ میں ملوث گروہ کے 6 کارندوں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ خادم حسین بھٹی کی جانب سے کراچی کے6 اضلاع میں ٹریفک پولیس اسٹیشن کے قیام کے حوالے سے کی جانے والی سفارش کو منظور کرتے ہوئے سمری منظوری کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی۔ ٹریفک پولیس کے تھانے غربی، شرقی، وسطی، جنوبی، ملیر اور ضلع کورنگی میں قائم کئے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانوں کے قیام کے حوالے سے جلد ہی باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ دریں اثناء سیکریٹریٹ سیکشن آفیسر ساجد شیخ نے عوامی شکایات پر پاسپورٹ آفس کے قریب شارع عراق پر غیر قانونی پارکنگ میں ملوث گروہ کے 6 کارندوں کو گرفتار کرکے پریڈی تھانے میں مقدمہ درج کرا دیا اس حوالے سے سیکشن آفیسر ساجد شیخ نے بتایا کہ گرفتار کئے جانے والے ملزمان پاسپورٹ آفس کے قریب شہریوں سے ان کی گاڑیوں کی چابی لے کر غیر قانونی پارکنگ کرتے ہوئے سڑک پر ہی گاڑیاں صاف کرتے تھے۔

Tags: