گلشن اقبال میں مسلح ڈاکو 10 منٹ میں بینک سے ایک کروڑ روپے لوٹ کر فرار

August 19, 2015 5:14 pm0 commentsViews: 49

صہبا اختر روڈ پر واقع نجی بینک میں چار مسلح ملزمان داخل ہوئے اور مزاحمت کرنے پر سیکورٹی گارڈ کو گولی مار دی
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی بینک کے عملے سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلشن اقبال میں مسلح چار ملزمان اسلحہ کے زور پر نجی بینک سے10 منٹ میں ایک کروڑ روپے لے کر فرار ہوگئے ،ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے مزاحمت کرنے پر سیکورٹی گارڈ کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا ،پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی، تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال تھانے کی حدود گلشن اقبال بلاک13D صبہا اختر روڈ وقاص مارکیٹ کے قریب قائم نجی بینک میں صبح 10بجے کے قریب چار ملزمان نے اسلحے کے زور پر بینک کے گارڈز کو یرغمال بنایا اس دوران مزاحمت کرنے پر ملزمان کی فائرنگ سے سیکورٹی گارڈ 30 سالہ ظفر ولد قادر بخش کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا اس دوران دیگر ملزمان نے بینک میں موجود لوگوں کو یرغمال بنایا اور بینک میں موجود نقدی ، وہاں موجود لوگوں سے چار موبائل فونز اور سیکورٹی گارڈ کا اسلحہ لیکر وہاں سے فرار ہوگئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور وہاں موجود سی سی ٹی وی فوٹیج کو تحویل میں لیا اور بینک انتظامیہ کا بیان قلمبند کرنا شروع کردیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ پتہ چلا ہے کہ ملزمان 80لاکھ سے سے زائد کیش لیکر فرار ہوئے ہیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات سے قبل ایک ملزم بینک کے اندر موجود تھا اور بینک میں اسی وقت کیش وین سے کیش آیا تھا جس کے بعد وہ ملزم بیک سے باہر نکلا اور اپنے ساتھیوں کو بلوایا اسکے ساتھیوں نے اپنی موٹر سائیکلیں بینک سے کچھ فاصلے پر پارک کی تھیں اور وہ بینک کی طرف پیدل گئے اور اندر داخل ہوکر واردات کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ معلومات لی جارہی ہیں کہ مذکورہ شخص اتنی دیر سے بینک کے اندر موجود کیوں تھا اور ہوسکتا ہے کہ اس کے اندر بینک کے عملے کا کوئی شخص ملوث ہوسکتا ہے ۔

Tags: