کراچی میں وفاقی اداروں کے گھوسٹ ملازمین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

August 20, 2015 3:17 pm0 commentsViews: 25

پاکستان پوسٹ آفس سمیت دیگر وفاقی اداروں کے افسران و ملازمین کی فہرست طلب کر لی
وفاقی اداروں کے افسران و ملازمین کو تعلیمی ریکارڈ، رہائش سمیت دیگر تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت پر ملازمین میں کھلبلی مچ گئی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کراچی میں بلدیاتی اداروں کے بعد وفاقی حکومت کے گھوسٹ ملازمین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پاکستان پوسٹ آفس سمیت دیگر وفاقی اداروں کے گھوسٹ ملازمین کی فہرستیں طلب کر لی گئیں جس کے لئے کراچی میں واقع ان وفاقی اداروں کے ملازمین و افسران کے کوائف اور دیگر دستاویزات جمع کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی محکموں کے ہزاروں افسران و ملازمین کے کوائف اور دیگر دستاویزات طلب کرنے کے بعد ان اداروں کے ملازمین میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ دو روز قبل کراچی میں متعدد وفاقی حکومت کے اداروں کے ملازمین کے کوائف اور دیگر معلومات کے حصول کیلئے ایک پروفارما دیا گیا ہے جس میں ان ملازمین اور افسران کی سروس کے علاوہ رہائش تعلیمی اسناد دیگر تفصیلات بھی فراہم کرنے اور بیرون ملک سفر اور ان کی دستاویزات بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان اداروں کے مزدور یونینز کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ملازمین کے کوائف جمع کرنے کا مقصد گھوسٹ ملازمین کا کھوج لگانا ہے جب کہ سینکڑوں ملازمین ملک سے باہر ہیں اور ان کی تنخواہیں جاری ہو رہی ہیں۔ ایک سرکاری افسر کے مطابق وفاقی اداروں میں بھی بعض گھوسٹ ملازمین ہزاروں کی تعداد میں جب کہ بعض ملازمین حکومت سے این او سی لئے بغیر غیر ملکی دوروں پر بھی جاتے رہتے ہیں۔

Tags: