پولیس مقابلوں میں گینگ وار اورکالعدم تنظیم کے 5 دہشت گرد مارے گئے ۔ دئگر حادثات، واقعات اور جرائم میں مزید ہلاکتیں

August 20, 2015 3:24 pm0 commentsViews: 30

بلدیہ میں فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد مارے گئے جو قتل اور بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے
لیاری بہار کالونی سے بابالاڈلہ گروپ کے دو کارندے زخمی حالت میں پکڑے گئے، ایک اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ گیا
کراچی(کرائم رپورٹر)اتحاد ٹائون اور چاکیواڑہ میں پولیس مقابلوں میںگینگ واراور کالعدم تنظیم کے5 دہشت گرد مارے گئے،جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا،ہلاک دہشت گرد قتل کی 20 سے زائد وارداتوں، اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے،جن کا تعلق عزیر اوربابالاڈلہ گروپ کے ساتھ تھا اورکالعدم تنظیم سے بھی روابط تھے۔ایس پی بلدیہ ٹائون اعجاز ہاشمی کے مطابق اتحادٹائون کے علاقے بلدیہ ٹائون کاٹیج انڈسٹریل ایریا میں پولیس نے کالعدم تنظیم اور گینگ وار کارندوں کی موجودگی پر چھاپہ مارا جہاں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان دوبدو فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چار دہشت گردمارے گئے،جبکہ ایک دہشت گرد موقع سے فرا رہوگیا، مقابلے میں ہلاک ہونے والے چاروں دہشت گردوں کی شناخت طاہر عرف تارا، ساجد عرف جواد، شاہ جہاں عرف جمیل اور عرفان عرف سلمان کے نام سے ہوئی جبکہ فرا رہونے والا دہشت گرد اکرام عرف اکو بتایا جاتاہے،ایس پی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے روابط تعلق کالعدم تنظیم اورلیاری گینگ وار عزیر گروپ سے بھی تھے،جن کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم، تین ٹی ٹی پستول، ایک دستی بم دو رائفل گرینڈ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے،ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ چاروں دہشت گرد پولیس کو 20 سے زائد قتل کی وارداتوں ،اغواء برائے تاوان اوربھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے،تاہم چاروں دہشت گردوں کی لاشیں کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔ادھر چاکیواڑہ پولیس اور رینجرز نے مشترکہ طور پر لیاری کے علاقے بہار کالونی سی روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد نور محمد عرف بابا لاڈلہ گروپ کے دو گینگ وار کارندوں 19 سالہ لیاقت بلوچ ولد شوکت علی اور 16 سالہ صدیق بلوچ ولد عبدالمجیدکو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا،ایس ایچ او صفدر مشوانی کے مطابق زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج لیاقت بلوچ دم توڑ گیا،جو لیاری دبئی چوک کارہائشی تھا،گرفتار اور ہلاک کارندے قتل،اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے۔

بن قاسم میں فیکٹری کے زہریلے مادے کے اخراج سے2افراد ہلاک

مرنے والوں کے لواحقین کا فیکٹری کے سامنے دھرنا،زہریلے فضلے کے باعث امراض پھوٹ پڑے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) بن قاسم کے قدیم گوٹھ علی بخش مری میں گندگی اور فیکٹریوں سے خارج زہریلے فضلے کے باعث مختلف امراض پھیلنے لگے جس کے باعث معصوم بچے سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے۔ اہل علاقہ نے زہریلا مادہ خارج کرنے والی فیکٹری کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا اور بتایا کہ فیکٹری انتظامیہ نے گوٹھ سے گزرنے والے نالے کو محفوظ کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن عمل نہ ہوا جس کے باعث گوٹھ کے مکینوں کی ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بن قاسم تھانے کے قریب آباد قدیم گوٹھ علی بخش مری کے سیکڑوں مکین انڈی کمپنی سے خارج ہونے والے زہریلے فضلے اور گندگی کے باعث مختلف امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

گلشن حدید فلٹر پلانٹ کے قریب تیز رفتار
گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ہلاک
کراچی( کرائم رپورٹر) اسٹیل ٹائون کے علاقے گلشن حدید فیزII فلٹر پلانٹ کے قریب نا معلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار شخص جاں بحق ہوگیا۔ جس کو ضابطے کی کارروائی کیلئے پولیس نے جناح اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے بتایا کہ متوفی کی جیب سے ملنے والے شناختی کارڈ سے اس کی شناخت 22 سالہ رئیس ملوک کے نام سے ہوئی ہے۔ متوفی گلشن حدید کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ واقعے کا ذمہ دار ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہونے میں با آسانی کامیاب ہوگیا۔

خاتون گداگر سمیت3 افراد کی لاشیں ملیں
لیاقت آباد انگارہ گوٹھ سے35 سالہ نامعلوم خاتون کی لاش ملی جو کپڑوں سے گداگر معلوم ہوتی ہے
ریکسر پل کے نیچے سے دس سے پندرہ روز پرانی لاش برآمد، بورڈ آفس کے قریب سے بھی لاش ملی
کراچی(کرائم رپورٹر)شہر کے مختلف مقامات سے گداگر خاتون سمیت3افراد کی پراسرار لاشیںملی۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد کے علاقے انگارہ گوٹھ بلوچ پاڑہ نزد عثمانیہ مسجد کے عقب میں واقع لیاری ندی سے 35 سالہ خاتون کی لاش ملی ، جس کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ، ایس ایچ او سجاد الحسن کا کہنا ہے کہ متوفیہ جو کپڑے پہنے ہوئے ہے اس سے گداگر معلوم ہوتی ہے ،متوفیہ کے جسم پر کسی قسم کے تشدد کے نشانات موجود نہیں ہیں ، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ایدھی سرد خانے میں رکھوادی ہے ، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد وجہ موت معلوم ہوسکے گی ۔پاک کالونی کے علاقے ریکسر پل کے نیچے سے 10 سے 15 روز پرانی 45سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جس کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔نارتھ ناظم آباد کے علاقے بورڈ آفس کے قریب 60سالہ محمد شکیل کی لاش کی ااطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیا عباسی شہید اسپتال منتقل کیا،پولیس کے مطابق ایم ایل او کو کہنا ہے کہ متوفی شکیل کو دل کو دورہ پڑا تھا جس کی وجہ انکی موت واقع ہوئی۔

گاڑیوں کی ٹکر سے خاتون سمیت4افراد ہلاک، نوجوان کو کرنٹ لگ گیا
لکی اسٹار پرموٹرسائیکل سوار حادثے میں ہلاک، سڑک عبور کرنے والی خاتون کو تیز رفتار گاڑی نے کچل دیا
کورنگی بلال کالونی میں گھر میں کام کرنے والا نوجوان کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا، لاش اسپتال لائی گئی
کراچی(کرائم رپورٹر)شہرقائد میں ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں خاتون سمیت5افرادجاں بحق اورخاتون سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے تفصیلات کے مطابق صدر کے علاقے لکی اسٹار کے قریب تیز رفتارروٹ نمبر17K بس کی ٹکر نے موٹر سائیکل سوار 18 سالہ محمد عامر کو شدید زخمی کردیا جس کو جناح اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ زخموں کو تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ‘ متوفی لائنز ایریا کا رہائشی تھا اور گھر سے کسی کام کے سلسلے میں جارہا تھا کہ 17K بس نے کچل دیا ، پولیس نے بس کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا ‘بریگیڈ کے علاقے صدر آرمی پبلک اسکول کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکرسے 22سالہ نامعلوم خاتون جاں بحق اور 35سالہ بختاور بی بی زخمی ہوگئی ‘پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین سڑک عبور کررہی تھیں کے نامعلوم گاڑی نے ٹکر ماردی ۔سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے سپرہائی وے عثمانیہ ریسٹورنٹ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 30سالہ اسمعیل ولد اللہ وارث جاںبحق اور دوافراد غلام علی اور کمال زخمی ہوگئے۔کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے بلال کالونی میں گھر کے اندر کام کرنے کے دوران 30 سالہ کمال ولد شمشیر کرنٹ لگنے سے جھلس گیا جس کو قریب اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گیا ، بریگیڈ کے علاقے ایم اے جناح روڈ نزد بند وخان ہوٹل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکرسے 21سالہ عامر علی جاںبحق ہوگیا ۔

ابراہیم حیدری میں گولی لگنے
سے 35 سالہ شخص ہلاک
کراچی( کرائم رپورٹر)ابراہیم حیدری کے علاقے کولی محلہ نزد واٹر پمپ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزموں نے 35 سالہ معین علی ولد استرعلی بنگالی کو سر میں گولی مار کر ہلاک کردیا اورفرار ہوگئے،ایس ایچ او غلام علی لاکھو کے مطابق مقتول علاقے میں کوارٹر میں اکیلا رہائش پذیر اور ماہی گیر تھا ،جبکہ قتل ذاتی رنجش کا شاخسانہ بتایا جاتاہے،قتل کے حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے،مقتول کی لاش کاررائی کیلئے اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

Tags: