بینکنگ کورٹ نے شپنگ کمپنی کیخلاف بینک کا دعویٰ مسترد کر دیا

August 20, 2015 3:33 pm0 commentsViews: 19

حبیب بینک ضمانت ناموں پر دستخط ثابت کرنے میں ناکام رہا، دستخطوں کی تصدیق بھی نہیں ہو سکی
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) بینکنگ کورٹ نمبر4 کراچی کی جج محترمہ شیر بانو کریم نے حبیب بینک کی جانب سے پان اسلامک شپنگ کمپنی لمیٹڈ اور نواب صلاح الدین عباسی آف بہاولپور و دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بناء پر 19637104 روپے کی وصولیابی کا دعویٰ خارج کر دیا، تفصیلی فیصلے میں حبیب بینک کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے بینکنگ کورٹ نمبر4 کراچی کی فاضل جج محترمہ شیر بانو کریم نے تحریر کیا ہے کہ بینک آٹھ ضامنوں کے ضمانت ناموں پر دستخط ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے اور دیگر ضامنوں بالخصوص نواب صلاح الدین عباسی کے بارے میں بینک کے گواہوں نے اقرار کیا ہے کہ ان کے سامنے کوئی دستخط نہیں کئے گئے اور یہ کہ ضمانت ناموں پر موجود دستخطوں اور دیگر دستاویزات پر دستخطوں میں فرق پایا جا رہا ہے اور نہ ہی دستخطوں کی تصدیق کیلئے ہینڈ رائٹنگ ایکسپرٹ کی رائے لینے کی درخواست دی گئی اور نہ ہی متعلقہ گواہوں کی شہادت قلمبند کی گئی نہ ہی پان اسلامک شپنگ کمپنی جو کہ تحلیل ہو چکی تھی کے خلاف آفیشل لیکویڈ یئر/اسائنی کی معرفت دعویٰ دائر کیا گیا۔ اور نہ ہی کمپنیز آرڈیننس کی دفعہ3/6 کے تحت کسی جج سے کوئی اجازت لی گئی کہ دعویٰ کی سماعت جاری ہے اور نہ ہی کوئی کلیم دائر کیا گیا۔ بینک کے وکیل خالد محمود صدیقی اور مدعا علیہان کی پیروی مختار احمد کبڑ، رضوان احمد صدیقی اور شاہد علی خان ایڈوکیٹس نے کی۔

Tags: