مالی بحران، نوری آباد اور کوٹری میں کئی صنعتیں بند،8000 افراد بیروزگار
بیرون ملک سپلائی کیلئے آرڈز نہ ملنے کے باعث کروڑوں روپے مالیت کا تیار دھاگہ فیکٹریوں میں ڈمپ ہو گیا
مقامی مارکیٹ میں مناسب دام نہ ملنے کے باعث صنعتکاروں کو بھاری خسارے کا سامنا، صنعتوں کو بچانے کیلئے حکومت نے کوئی اقدام نہیں کیا
کوٹری ( نیوز ڈیسک) کوٹری اور نوری آباد میں مالی بحران کے باعث کئی صنعتیں بند ہوگئیں‘ جن میں کوٹری کی 5صنعتیں پیرا مائونٹ اسپننگ ملز‘ امین ٹیکسٹائل‘ ثریا‘ گلستان فائبر سمیت دیگر شامل ہیں جبکہ نوری آباد میں بھی8 سے زائد صنعتیں مالی بحران کے سبب 3 ماہ سے بند ہیں جس کی وجہ سے مذکورہ ملوں میں کام کرنیوالے8ہزار سے زائد کارکن بیروزگار ہوگئے اور ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے‘ صنعتوں کی بندش کی بڑی وجہ برآمدی آرڈر نہ ملنا ہے‘ دھاگہ بیرون ملک سپلائی کیلئے2014 ء تک تو کئی فیکٹریوں کو آرڈ ر ملے لیکن 2015 ء میں آرڈر نہ ملنے کی وجہ سے کروڑوں روپے مالیت کا تیار دھاگہ فیکٹریوں میں ہی ڈمپ رہا اور مقامی مارکیٹ میں بھی مناسب دام نہ ملنے سے صنعتکاروں کو کروڑوں روپے خسارے کا سامنا ہے‘ صنعت کاروں کا کہنا ہے کہ حکومتی نا اہلی کے سبب صنعتیں تباہی کے کنارے پر ہیں جنہیں بچانے کیلئے اب تک کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔