نائن زیرو کے اطراف رینجرز کے گشت نے ہلچل مچادی

August 21, 2015 3:55 pm0 commentsViews: 24

رینجرز کے آتے ہی تمام شعبہ جات میں موجودکارکن نائن زیرو کے باہر جمع ہونا شروع ہوگئے
خورشیدبیگم کے سامنے موبائلیں کھڑی کرکے رینجرز اہلکار پیدل گلیوں میں گشت کرتے رہے
آدھے گھنٹے تک گشت کرنے کے بعد رینجرز اہلکار جناح گرائونڈ کی طرف جانے والے راستے سے واپس چلے گئے
رینجرزاہلکار معمول کے گشت پر نائن زیرو گئے تھے،کسی مقام یا دفتر کی تلاشی لی گئی نہ کسی کو گرفتار کیا گیا، ترجمان
کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ کے مرکز نائن زیرو پررینجرز کے گشت کے باعث ہل چل مچ گئی جمعرات کو مکا چوک سے رینجرز کی متعدد گاڑیوں، جیپ اور موٹر سائیکلوں پر سوار اہلکار نائن زیرو جانے والی گلی میں مڑ گئے۔ رینجرز کے داخل ہوتے ہی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور تمام شعبہ جات میں موجود کارکنان فوری طور پر نائن زیرو کے باہر جمع ہونا شروع ہوگئے۔ رینجرز اہلکاروں نے کسی مقام پر رکنے کے بجائے گاڑیوں میں بیٹھ کر چند گلیوں کا گشت کیا اور خورشید بیگم میموریل ہال کے سامنے گاڑیاں روک دیں جس کے بعد رینجرز کے ایک درجن سے زائد اہلکار پیدل ہی مختلف گلیوں کا گشت کرتے رہے۔ اسی دوران رینجرز کے چند اہلکار خورشید بیگم میموریل ہال میں متحدہ کی پریس کانفرنس میں پہنچ گئے تاہم انہوں نے پریس کانفرنس رکوانے یا خلل ڈالنے کے بجائے چند منٹ میں ہی واپسی کی راہ لے لی۔ رینجرز آدھے گھنٹے تک گشت کرنے کے بعد جناح گرائونڈ کی جانب سے جانے والے راستے سے واپس چلے گئے۔ رینجرز ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ رینجرز معمول کے گشت پر نائن زیرو گئی تھی اور کسی مقام یا عمارت و دفاتر کی تلاشی نہیں لی گئی ہے اور نہ ہی کسی رہنما یا کارکن کو حراست میں لیا ہے۔

Tags: