آج صبح رینجرز کا حیدری میں سرچ آپریشن پاک کالونی اور کھارادر میں پولیس سے مقابلے

August 21, 2015 3:57 pm0 commentsViews: 43

حیدری میں سرچ آپریشن کے دوران سیاسی جماعت کے دو کارکنوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا
پاک کالونی سے مقابلے کے بعد دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار‘ کھارادر سے بھی دو ملزمان پکڑے گئے‘ اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے حیدری میں رینجرز کا سرچ آپریشن سیاسی جماعت کے 2 کارکن گرفتار، اسلحہ بر آمد، پاک کالونی اور کھادرا میں پولیس مقابلہ4 زخمی حالت میں ملزمان گرفتار، اسلحہ اور موٹر سائیکل بر آمد۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح رینجرز کی بھاری نفری نے حیدری کے علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے داخلی و خارجی راستوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کردیا اور کسی بھی شخص کو علاقے سے باہر یا اندر جانے کی بھی اجازت نہیں تھی۔ رینجرز نے گھر گھر تلاشی کے دوران2 ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بر آمد ہوا ہے اور ان کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے اور ملزمان متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ آپریشن میں رینجرز کی خواتین اہلکار نے بھی حصہ لیا تھا۔ دوسری جانب پاک کالونی میں پولیس نے کارروائی کی تو وہاں موجود ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان زخمی ہوگئے۔ جنہیں حراست میں لے کر امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا۔ جبکہ ان کے4 ساتھی فرار ہونے میں با آسانی کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے2 ٹی ٹی پستول اور مسروقہ سامان بر آمد ہوا ہے۔ اور ملزمان اسٹریٹ کرمنلز ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان بے ہوش ہیں اس لئے شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔ کھارا در میں پولیس مقابلے کے دوران 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل بر آمد ہوئی ہے۔ پولیس ملزمان سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔

Tags: