لیاقت اسپتال میں صحافیوں پر تشدد کرنے والے3 سیکورٹی گارڈ زگرفتار ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

August 21, 2015 4:26 pm0 commentsViews: 23

رشید گوڈیل کی کوریج پر مامور صحافیوں اور کیمرہ مینوں پر درجنوں گارڈز لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے ٹوٹ پڑے
تشدد سے کئی صحافی زخمی، صحافیوں کا دھرنا،6 گھنٹے مذاکرات کے بعد احتجاج ختم، سیکورٹی گارڈکیخلاف مقدمہ درج
کراچی( اسٹاف رپورٹر) لیاقت نیشنل اسپتال میں داخل ہو کر کوریج کی کوشش کرنے والے صحافیوں پر اسپتال کے سیکورٹی گارڈز ٹوٹ پڑے، لاٹھی اور ڈنڈوں سے صحافیوں، کیمرہ مینوں، پر بد ترین تشدد کیا جس کے نتیجے میں 16 صحافی شدید زخمی ہوگئے۔ جن میں4 شدید زخمی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو نیو ٹائون کے علاقے میں واقع لیاقت نیشنل اسپتال میں زیر علاج متحدہ کے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل کی کوریج پر مامور صحافی اسپتال کے گیٹ نمبر2 کے باہر کھڑے تھے کہ اہم شخصیت کی آمد کی اطلاع ملی جس پر کیمرا مین اور صحافی اسپتال میں داخل ہونے لگے تو گارڈز نے منع کیا اور جب صحافیوں نے اصرار کیا تو اچانک ایک درجن سے زائد لاٹھی ڈنڈوں سے لیس ہو کر صحافیوں پر ٹوٹ پڑے جس سے کئی صحافی زخمی ہوگئے جبکہ2 بے ہوش بھی ہوئے۔ بعد ازاں صحافیوں نے سڑک پر دھرنا دیا اور اسپتال انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے جس پر پولیس کی نفری پہنچ گئی اور6 گھنٹے مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کیا گیا ایس ایچ او نیو ٹائون عرفان آصف نے بتایا کہ میٹرو ون ٹی وی کے زخمی رپورٹر وقاص لودھی کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 15/255 زیر دفعہ 147. 149. 427. 342کے تحت درج کرتے ہوئے3 سیکورٹی گارڈ محمد شاہد قریشی ذوالفقار علی اور عارف مسیح کو گرفتار کرلیا ہے۔ 4 صحافیوں کو سر پر گہرے زخم آئے جبکہ ایک درجن سے زائد صحافیوں کو معمولی چوٹیں آنے کے ساتھ کپڑے پھٹ گئے۔

اخونزادہ چٹان کے
بیٹے کے اغواء میں ملوث
ماسٹر مائنڈ سمیت5 افراد گرفتار
باجوڑ ایجنسی( مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق ایم این اے اخونزادہ چٹان کے بیٹے حسین شاہ کے اغواء کار ماسٹر مائنڈ سمیت5 افراد گرفتار کر لئے گئے ملزموں نے ابتدائی جسمانی ریمانڈ میں اغواء میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔

سیاسی تنظیم اور لیاری گینگ وار کے مبینہ ٹارگٹ کلرز سمیت 12 ملزمان گرفتار
نشتر روڈ پر مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ملزم مسلم لیگ (ن) کے عہدیدار اور سابق کونسلر کے قتل میں ملوث ہے
عوامی کالونی سے گرفتار ٹارگٹ کلر پولیس اہلکار اور متحدہ کے کارکن کے قتل کے بعد فرار ہوگئے تھے
کراچی (کرائم رپورٹر)پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے اور مقابلے کے دوران سیاسی تنظیم اور لیاری گینگ وار کے مبینہ ٹارگٹ کلراور دو زخمی سمیت12ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ،پولیس کے مطابق ٹارگٹ کلروں نے پولیس اہلکار ،سیاسی تنظیم کے عہدیدار اور سابق کونسلر سمیت چار افراد کو قتل کرنے کا انکشاف کیا ہے ،جبکہ 25سے زائد مشتبہ اافرادکو حراست میں لیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق عوامی کالونی پولیس نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران دو مبینہ ٹارگٹ کلر نور عالم عرف نورا اور جاوید اجمیری کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ،پولیس کے مطابق ملزم نور عالم نے 2013میں کرائم برانچ کے ہیڈ کانسٹبل اورنگزیب کواغواء کے بعد قتل کیا تھا اس کے بعد سے یہ فرار تھا جس کو پولیس نے گرفتار کرلیا ،جبکہ مبینہ ٹارگٹ کلر جاوید اجمیری متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن ہے اس نے 1998میں مہاجر قومی موومنٹ کے کارکن ملا لطیف کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا اس کیس میں یہ پولیس کو مطلوب تھا ،قتل کے بعد یہ ملک چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا تاہم مخبر خاص کی نشاندہی پراسکی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس نے ابراہیم حیدری کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے دو منشیات فروش اصغر اور راشد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے پانچ کلو دوسو گرام اعلی کوالٹی کی چرس برآمد کرلی۔ناظم آباد پولیس نے تین ر وز قبل حراست میں لئے جانے مبینہ ٹارگٹ کلر دانش کی گرفتار ی ظاہر کردی ،پولیس کا مطابق ملزم متحدہ قومی موومنٹ لیاقت آباد سیکٹر کا کارکن ہے، اسکے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا، گرفتار ملزم نے دوران تفتیش سپر مارکیٹ میںدو افراد سمیت7 افرادکو قتل کرنے کا انکشاف کیا ہے ، مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔سرجانی ٹائون پولیس نے کنیز فاطمہ سوسائٹی میں مقابلے بعد زخمی حالت میں دو ملزمان یاسر اور فیض کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔نبی بخش پولیس نے گارڈن ناصرہ اسکول کے قریب چھاپہ مار کر ملزم زاہد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ،ملزم پولیس کو ڈکیتی کی واردات میں مطلوب تھا ۔رسالہ پولیس نے نشتر روڈ پر مقابلے کے بعد زخمی حالت میں لیاری گینگ وار کے کارندے سجاد وچانی کو گرفتار کرکے نائن ایم ایم پستول برآمدکرلی اور ملزم کو سول اسپتال منتقل کیا جہاں طبی امداد دی جارہی ہے ،بلوچ کالونی پولیس کی بھاری نفری نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب جونیجوٹائون میں سرچ آپریشن کے دوران 25سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کرلیا پولیس نے مطابق مشتبہ افراد میں تین اسٹریٹ کرائم کے ملزمان بھی شامل ہے۔

چھاپے‘ 108 افراد
گرفتار‘ اسلحہ‘ منشیات برآمد
کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران108ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، اور منشیات برآمد کرلی، کراچی پولیس ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیئے کے مطابق کراچی کے تینوں زون کی پولیس اور سی آئی اے نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں88چھاپہ مار کارروائیوںاور4 مقابلوں کے بعد108ملزمان کو گرفتارکر لیا ،گرفتار ملزمان میں5 ڈکیت ، غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں20ملزمان ،امتنائے منشیات ایکٹ کے تحت8ملزمان،13مفرورو اشتہاری جبکہ دیگرجرائم میں ملوث62ملزمان شامل ہیں، جن کے قبضے سے22 پستول اور بھاری مقدارمیں منشیات برآمدہوئی ہے۔

اسمگل شدہ غیر ملکی شراب سے بھری لانچ پکڑی گئی،2 ملزمان گرفتار
میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے خفیہ اطلاعات پر مکران کوسٹ کے گنجان آباد ساحلی پٹی پر کارروائی کی
کراچی( کرائم رپورٹر)میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے گزشتہ شب خفیہ معلومات پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اعلیٰ کوالٹی کی اسمگل شدہ شراب قبضے میں لے لی، جس کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں لاکھوں میں ہے، کارروائی کے دوران دو اسمگلروں کی گرفتاری بھی عمل میں آئی اور لانچ بھی قبضے میں لے لی گئی ہے اور ساتھ ہی دو اسمگلروں کو گرفتار کرتے ہوئے لانچ قبضے میں لے لی، چونکہ رات گہری ہونے کی وجہ سے دوسرے اسمگلروں نے فائدہ اٹھاتے ہوئے ساتھ موجود اسپیڈ بوٹ پر فرار ہوگئے، اس کامیاب کارروائی کے بعد پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے اسمگل شدہ شراب اور دونوں اسمگلروں کو پاکستان کسٹمز ایم سی سی گوادر(پریوینٹو)حکام کے حوالے کردیا تاکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

کلفٹن میں بغیر وردی ڈیوٹی دینے والے مزید6 سیکورٹی گارڈ گرفتار
صدیق بلوچ گوٹھ میں حساس ادارے کی کارروائی، پیپلزپارٹی کے2 کارکنان گرفتار کرکے لے گئے
صدر میں جوئے کے اڈے پر چھاپہ،6 جواری پکڑے گئے، گلستان جوہر اور نارتھ ناظم آباد میں3 ملزمان گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر)شارع نورجہاں پولیس نے نارتھ ناظم آباد بلاک Rمیں کارروائی کے بعد ایک ملزم عالم کو گرفتار کر کے منشیات برآمد کرلی ۔گلستان جو ہر پولیس نے بلاک 11میں 2مختلف کارروائیوں میں 2ملزمان شیر ولی خان اور محمد نعیم کو گرفتار کر کے پستول اور منشیات برآمد کرلی ۔پریڈی پولیس نے صدر میں قائم جوئے کے اڈے پر چھاپہ مار کر6جواریوں کو گرفتار کرلیا ۔ کلفٹن پولیس نے بناوردی ڈیوٹی دینے والے سیکورٹی گارڈز کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہو ئے مزید 6گارڈز کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ۔قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے صدیق بلوچ گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے دوکارکنان کو گرفتارکرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے ۔

 

Tags: