بلدیہ عظمیٰ کراچی کی تاریخی دستاویزات کی نمائش، عوام کی دلچسپی

August 21, 2015 4:35 pm0 commentsViews: 38

تاریخی عمارت میں بلدیاتی امور کے حوالے سے گیلری اور ریسرچ سینٹر قائم کیا جائے ، عمائدین شہر کا مطالبہ
طارق حسن، جعفر الحسن، اظہر عباس ہاشمی، محمود احمد خان و دیگر شخصیات نے نمائش میں دلچسپی لی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کے ایم سی کی عمارت میں منعقدہ قدیم قرار داروں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی تاریخی دستاویزات کی نمائش میں تاریخ کے طالب علم خصوصاً بلدیاتی امور پر تحقیق کرنے والی خواتین و حضرات بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سابقہ کونسلرز، سربراہان اور دانشوروں نے گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی شعیب احمد صدیقی سے مطالبہ کیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی قدیم تاریخی عمارت میں بلدیاتی امور کے حوالے سے مستقل بنیادوں پر ایک گیلری اور ریسرچ سینٹر قائم کیا جائے جہاں خصوصاً بلدیاتی امور کے حوالے سے مواد اور تاریخی دستاویزات کی مستقل بنیادوں پر نمائش اور میوزیم ہو، منگل کو سابق نائب ناظم طارق حسن، سابق سٹی کونسل کراچی کے ممبر جعفر الحسن اور دیگر کونسلرز سمیت ساکنان شہر قائد کے سرپرست اظہر عباس ہاشمی، محمد احمد خان، حسن امام صدیقی، پروفیسر کفیل احمد صدیقی، سید اقبال، محمد امین، قیصر مسعود جعفری، عبدالوسیع قریشی، دیگر عمائدین شہر اور اسکول کے بچوں نے نمائش کا دورہ کیا اور یہاں رکھی ہوئی کراچی کی تاریخ کے حوالے سے مختلف دستاویزات اور مختلف بلدیاتی ادوار میں منظور کی جانے والی قرار دادوں میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ سابق نائب ناظم کراچی طارق حسن نے اس موقع پر کہا کہ ہم نے کے ایم سی بلڈنگ کے مختلف مقامات پر پڑے ہوئے کراچی کے تاریخی ریکارڈ و ریفرنس کو محفوظ بنانے کے عمل کی شروعات کی تھیں۔ طارق حسن نے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے توقع کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلدیاتی نظام کے استحکام اور شہریوں کے مسائل حل کرنے میں اپنا خصوصی کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے تجویز دی کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ کونسل کے سابق ڈائریکٹر محمد ذاکر کی کونسل اور بلدیاتی نظام کے حوالے سے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں اولڈ کے ایم سی بلڈنگ میں کوئی یادگاری لائبریری یا گیلری بنائی جائے۔ اس موقع پر ساکنان شہر قائد کے سربراہ اظہر عباس ہاشمی نے کہا کہ اس شہر کے ساتھ میری گہری یادیں ہیں1948ء میں کراچی آیا تھا آج یہاں آکر اپنا بچپن یاد آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش کراچی کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے بہت اہم ہے مجھے یہاں آکر بہت خوشی ہوئی ہے۔ محمود احمد خان نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے یہ نمائش منعقد کرکے احسن اقدام کیا ہے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی تاریخی عمارت میں تاریخی نمائش بہت اہم ہے۔

Tags: