ایف آئی اے اور نیب کے چھاپوں پر وزیراعلیٰ سندھ کے تحفظات

August 21, 2015 5:14 pm0 commentsViews: 18

وفاقی حکومت اداروں کو قانون کا پابند بنائے، 70فیصد بیورو کریسی نے کام بند کر رکھا ہے
قائم علی شاہ کی گورنر ہائوس میں وزیراعظم سے ملاقات، وفاقی وزیر داخلہ کی تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو آگاہ کیا کہ نیب اور ایف آئی اے حکومت سندھ کی مجاز اتھارٹی کے علم میں لائے بغیر متعلقہ حکومتی صوبائی اداروں میں کارروائیاں کررہے ہیں جو صوبائی خود مختاری کی خلاف ورزی ہے‘وفاقی حکومت ان اداروں کو قانون کاپابند بنائے‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورے کراچی کے موقع پر گورنر ہائوس میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے وزیراعظم اور وزیر داخلہ کو آگاہ کیا کہ نیب اور ایف آئی اے کی صوبائی اداروں میں بغیر اجازت کی جانیوالی کارروائیوں پر تحفظات کااظہار کیا ‘انہوں نے کہا کہ اگر کارروائی کرنی ہے تو اس کیلئے اجازت لی جائے‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے کو قانون کے مطابق حل کریں‘ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر ایف آئی اے اور نیب کے غیر قانونی چھاپوں کا سلسلہ بند نہ ہوا تو حالات پیچیدہ ہوجائیں گے‘ سندھ میں دشواریوں کا سامنا ہے اور ہماری 70فیصد بیورو کریسی نے کام بند کردیاہے۔

Tags: