لیاری: بابا لاڈلہ گروپ کا کمانڈر مقابلے میں 4 ساتھیوں سمیت ہلاک

August 22, 2015 2:07 pm0 commentsViews: 24

پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے کا محاصرہ کیا تو ملزمان کی مورچہ بند فائرنگ سے ایس ایچ او نیپئر اور ان کا گن مین زخمی ہوگیا جس کے بعد رینجرز بھی علاقے میں پہنچ گئی
دہشت گردوں نے مقابلہ کرتے ہوئے ایک خاتون کو یرغمال بنا کر عمارت میں پنا ہ لے لی رینجرز نے پانچ دہشت گردوں کو مار ڈالا‘ صاد ق گڈانی پر دس لاکھ روپے انعام تھا
کراچی( کرائم ڈیسک) لیاری میں بابا لاڈلہ گروپ کے اہم کمانڈر صادق گڈانی کی چار ساتھیوں سمیت مقابلے میں ہلاکت کے بعد علاقے میں کشیدگی ہے۔ پولیس اور رینجرز سے مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزمان پولیس اہلکاروں سمیت100 سے زائد افراد کے قتل، اغواء برائے تاوان،بھتہ خوری، پولیس و رینجرز سے مقابلوں سمیت سنگین مقدمات میں ملوث تھے۔ لیاری اولڈ کمہاڑ واڑہ کشتی چوک کے قریب غلام شاہ لائن میں گینگ وار کے ملزمان کی اطلاع پر پولیس کی نفری نے علاقے کا محاصرہ کر لیا ملزمان نے پولیس پارٹی پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایس ایچ او نیپئر 50 سالہ سب انسپکٹر اعظم خان اور ان کا گن مین 45 سالہ عبدالرحمن زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور محاصرہ کرتے ہوئے غلام شاہ لائن میں داخل ہونے کی کوشش کی ملزمان کی فائرنگ سے رینجرز اہلکار شاکر اللہ زخمی ہوگیا۔ ملزمان اپنے گرد گھیرا تنگ ہوتا دیکھ کر ایک گھرمیں داخل ہوگئے اور ضعیف العمر خاتون کو یر غمال بنا لیا۔ تاہم رینجرز کی فائرنگ سے گھر میں موجود5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے70 سالہ گلشن زوجہ عبدالرحمن زخمی ہوگئی۔ زخمی سب انسپکٹر اعظم خان کے پیٹ اور بازو میں گولی لگی تاہم ان کی اور دیگر زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ہلاک ملزمان کی شناخت نور محمد عرف بابا لاڈلہ کمانڈر صادق گڈانی اور اس کے ساتھی شاہنواز بلوچ، سالار بلوچ، شیری بلوچ اور رضا بلوچ کے نام سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا صادق گڈانی اور اس کے ساتھی پولیس اہلکاروں سمیت 100 سے زائد افراد کے قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان، منشیات ، فروشی، پولیس و رینجرز سے مقابلوں سمیت دیگر سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔ ڈی آئی جی سائوتھ ڈاکٹر جمیل نے بتایا کہ صادق گڈانی کی گرفتاری کے لئے10 لاکھ روپے کی انعامی رقم مقرر کئے جانے کی سفارش کی تھی پولیس نے ہلاک ملزمان سے جدید ملکی و غیر ملکی اسلحہ، دستی و آوان بم بر آمد کر لئے۔

Tags: