جہانگیر روڈا ور پٹیل پاڑہ میں ایک ہفتہ کے دوران بھتہ خوروں کا زیرتعمیر عمارت پر دوسری بار دستی بم حملہ

August 22, 2015 2:14 pm0 commentsViews: 33

موٹرسائیکل سواردہشت گردزیرتعمیر عمارت علی ہائٹس پر روسی ساختہ بم پھینک کر فرار ہوگئے
خوش قسمتی سے بم پھٹ نہ سکا،پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی
کراچی( کرائم ڈیسک) جہانگیر روڈ بلوچ پاڑہ میں بھتہ خور پھر سرگرم ہوگئے ایک ہفتے میں دوسری بار بھتہ نہ دینے پر زیر تعمیر عمارت پر دستی بم پھینک دیا تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹر زکے علاقے بلوچ پاڑہ میں زیر تعمیر عمارت علی ہائٹس اپارٹمنٹ پر موٹر سائیکل سوار دہشت گرد روسی ساختہ دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے‘ خوش قسمی سے بم پھٹ نہ سکا‘ علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا‘ اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کا محاصرہ کرلیا‘ پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو موقع پر طلب کرلیا‘ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر دستی بم کو ناکارہ بنادیا‘ ایس ایچ او جمشید کوارٹر زاخلاق احمد نے بتایا کہ جمعرات کو بھی بھتہ خوروں نے دستی بم سے حملہ کیا تھا جو پھٹ نہ سکا جمعہ کے روز بھی انہوں نے بلڈر کو خوف زدہ کرنے کیلئے حملہ کیا اور یہ بھی اتفاق سے پھٹ نہ سکا‘انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں لیاری گینگ وار کی باقیات موجود ہیں جنہوں نے بلڈرزسے بھتہ طلب کیا تھا اور بھتہ کی رقم ادا نہ کرنے پر وہ مشتعل ہوگئے اور دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے‘ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انچارج کا کہنا ہے کہ پھینکا جانیوالا بم زنگ آلود ہے‘ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ۔

Tags: