سول اسپتال کے اطراف سے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا

August 22, 2015 3:49 pm0 commentsViews: 24

تجاوزات کے باعث ایمرجنسی میں ایمبولینسوں کو آنے جانے میں پریشانی ہوتی تھی، آپریشن ایڈمنسٹریٹر کی ہدایت پر کیا گیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی شعیب احمد صدیقی کی ہدایت پر محکمہ انسداد تجاوزات نے جمعہ کو سول اسپتال کے چاروں طرف خصوصاً ایمرجنسی گیٹ پر موجود تجاوزات کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے درجنوں پتھاروں ،ٹھیلوں ، پان کے کیبن، تخت، گنے کی مشین اور دیگر تجاوزات کو ہٹادیا۔ تجاوزات کے باعث ایمرجنسی میں ایمبولینس کو آ نے جانے میں دشواریاں پیش آرہی تھیں جبکہ شعبہ حادثات اور او پی ڈی میں آنے والے مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا تھا۔ تجاوزات کے خاتمے کے بعد یہاں آنے والے مریضوں کو سہولت میسر آنے کے ساتھ ساتھ ایمبولینس کی آمدورفت میں بھی سہولیات میسر آئیںگی جبکہ ایمرجنسی گیٹ کے اردگرد سڑک اور فٹ پاتھ پر قائم بڑی تعداد میں تجاوزات کے ہٹنے سے سڑک اور فٹ پاتھ پیدل چلنے والوں کے لئے صاف ہوگئی۔ یہ آپریشن محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان کی سربراہی میں کیا گیا جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعمان احمد،رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری بھی اس موقع پر موجود تھی۔

Tags: