صحت سمیت کئی محکمے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو منتقل کیے جائیں گے

August 22, 2015 3:54 pm0 commentsViews: 30

میٹرو پولیٹن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، محکمہ جاتی افسران کو تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت
کراچی (سٹی رپورٹر) سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے تحت تمام متعلقہ محکمے جن میں میڈیکل اینڈ ہیلتھ ، تعلیم اور دیگر محکمے شامل ہیں، 25 اگست تک کراچی کی بلدیات کو منتقل کردیئے جائیں گے جس کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام محکمہ جاتی سربراہان اور ڈی ایم سیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محکموں کے وسائل اور افرادی قوت کی تقسیم و منتقلی کے لئے ضروری اقدامات بروقت مکمل کریں، اس بات کا فیصلہ میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ڈی ایم سیز کے اختیارات وسائل اور سرمائے قانون کے مطابق ہی تقسیم کئے جائیں گے ، اجلاس میں میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی و محکمہ جاتی سربراہان اور ضلعی بلدیات کے ایڈمنسٹریٹر اور دیگر افسران نے شرکت کی، میٹروپولیٹن کمشنر نے کہا کہ تعلیم ضلعی بلدیات کی ذمہ داری ہے لہٰذا فوری طور پر اس شعبے کو ڈی ایم سیز کو منتقل کیا جائے گا جبکہ ہیلتھ کے شعبے میں 18 بڑے طبی اداروں کے علاوہ تمام ڈسپنسریاں اور میٹرنٹی ہوم ڈی ایم سیز کو منتقل کردی جائیں گی۔

Tags: