کمشنر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ میں ہفتہ وار تعطیلات ختم کردیں ملازمین کا شدید احتجاج

August 22, 2015 4:02 pm0 commentsViews: 24

بلدیہ عظمیٰ کے تمام افسران و ملازمین کو آج سے دفاتر آنے کی ہدایت‘ کمشنر کراچی کا کارکردگی پر اظہار عدم اطمینان
کوئی ہنگامی صورتحال نہیں‘ملازمین کی ہفتہ وار چھٹیاں ختم کرنا غیر قانونی ہے تعطیلات وفاقی و صوبائی حکومتوں کی طرف سے ہے‘ ذوالفقار شاہ
کراچی(رپورٹ۔فرید عالم)کمشنر و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی شعیب احمد صدیقی نے وفاقی اور صوبائی حکومت کے اختیارات استمعال کرتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ہفتہ وار تعطیلات ختم کردیں،ہفتہ اور اتوار کی چھٹی ختم کرنے پر افسران و ملازمین کا شدید احتجاج، تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے قائم مقام ایڈمنسٹریٹر شعیب احمد صدیقی نے کے ایم سی میں انوکھے اور منفرد احکامات جاری کرتے ہوئے سرکاری افسران کی ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات کو ختم کرنے کے احکامات دیدیئے ہیں اور آج سے تمام محکموں کے افسران و ملازمین کو دفاتر آنے کے احکامات دیئے گئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں شعیب احمد صدیقی نے بلدیہ کراچی کے افسران کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران و ملازمین کی ہفتہ اور اتوار کی سرکاری تعطیلات کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور موقع پر ہی احکامات جاری کردیئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیہ کراچی کے افسران و ملازمین کی مذکورہ فیصلے کو قوانین کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے احکامات ہنگامی صورتحال میں جاری کئے جاتے ہیں شہر میں ایسی کوئی ہنگامی صورتحال درپیش نہیں، بلدیہ کراچی کے ملازمین کی سجن یونین کے صدر ذوالفقار شاہ کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین 8 گھنٹے نوکری کرنے کے پابند ہیں جبکہ سرکاری تعطیلات وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے مقرر ہیں، ایمرجنسی میں کام کرنے والے ملازمین کے علاوہ دیگر دفتری امور کے افسران یا ملازمین کی ہفتہ وار چھٹیاں ختم کرنا غیر قانونی عمل ہے۔

Tags: