کراچی کی رونقوں کو دوبارہ بحال کرنے کا عزم کیا ہے

August 22, 2015 4:17 pm0 commentsViews: 30

فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور مالی معاونت کیلئے کام کرینگے‘ اسلم محمود دہلوی
30 اگست کو صدارتی ایوارڈ یافتہ طبلہ نواز بشیر خان کے اعزاز میں تقریب منعقد کی جائے گی
کراچی( کلچرل رپورٹر) صدارتی ایوارڈ یافتہ طبلہ نواز استار بشیر خاں کی60 سالہ فنی خدمات کے موقع پر ایشین آرٹس کونسل ویلفیئر ٹرسٹ کی تقریب پذیرائی 30 اگست کو آرٹس کونسل آڈیٹوریم میں منعقد کر رہی ہے جس کے چیف آرگنائزر اسلم محمود دہلوی ہیں جبکہ سرپرست اعلیٰٰ جمال الدین ہیں۔ مذکورہ تقریب میں سماجی ثقافتی و سیاسی اہم شخصیات کے ساتھ پاکستان فلم ٹی وی ریڈیو اسٹیج کے نامور فنکار بھی شرکت کریں گے۔ بانی و چیئر مین اسلم محمود دہلوی کا کہنا تھا کہ ایشین آرٹس کونسل نے ہمیشہ فنکاروں کی زندگی میں ان کی پذیرائی کی ہے۔ اس اقدام سے فنکاروں اور فنون لطیفہ سے وابستہ لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی رونقوں کو دوبارہ سے بحال کرنے کا عزم کیا ہے۔ اور اس حوالے سے فنکاروں، ادیبوں شاعروں کے اعزاز میں تقریبات کے سلسلہ کے ساتھ اسٹیج ڈراموں کا بھی اہتمام کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کراچی کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے ثقافتی سرگرمیاں ماند پڑ گئیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کئی سینئر فنکار اس وقت علیل ہیں اور حکومت سندھ کی جانب سے ان کیلئے کوئی خاطر خواہ عملی اقدامات نہیں ہو رہے ہیں۔ ایشین آرٹس کونسل کا صرف حکومت سے یہ مطالبہ ہے کہ لاہور کی طرح کراچی میں بھی آڈیٹوریم بنائے جائیں تا کہ یہاں کی ثقافتی رونقیں دوبارہ بحال ہو سکیں۔ ہم اپنے فنکاروں کیلئے پروگرامز کرکے ان کی مالی معاونت خود کر سکتے ہیں اور ہمارے اس مشن میں کراچی کے بے شمار فنکار نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔