مسز عمران بھی وزیراعظم کی امیدوار ہیں‘آصف زرداری

August 22, 2015 4:22 pm0 commentsViews: 26

بعض لوگوں کو سیاست نہیں آتی وہ ٹی وی پر سیاسی اداکار بنے ہوئے ہیں
بلاول کی جوانی اور میرا تجربہ ملک کو آگے بڑھائے گا‘ مستقبل سے پر امید ہوں
نواز شریف کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں‘ میرا بیان فوج کے خلاف نہیں تھا
جلد وطن واپس آرہا ہوں‘ لندن چیک اپ کرانے آیا تھا‘ انٹرویو
لندن( آئی این پی) پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اور اسمبلیوں کو اپنی آئینی مدت پوری کرنی چاہئے۔ نواز شریف کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، میرا بیان فوج کے خلاف نہیں تھا جمہوریت بچانے کی اپنی سوچ لوگوں کے سامنے بیان کی تھی۔ فوج اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مل کر کام کیا۔ بہت جلد وطن جا رہا ہوں۔ میرا ڈاکٹر لندن میں ہے۔ ہر سال چیک اپ کے لئے لندن آنا پڑتا ہے۔ اسی لئے یہاں آیا ہوں۔ بلاول کی جوانی اور میرا تجربہ ملک کو آگے بڑھائے گا، ایم کیو ایم کے استعفے قبول نہ ہونا ملک کیلئے بہتر ہوگا۔ فضل الرحمن اپنا کردار ادا کر رہے ہیں وہ کامیاب ہوجائیں گے، نجی ٹی وی کو انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ بعض لوگوں کو سیاست نہیں آتی۔ ٹی وی پر میڈونا یا سیاسی اداکار بنے ہوئے ہیں ملک کو بھی چلنا ہے اور جمہوریت کو بھی چلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ابھی لیڈی پارٹی بھی ابھر رہی ہے مسز عمران بھی وزیر اعظم کی امیدوار ہیں عمران خان کی خاندانی سیاست کے بارے میں رائے تبدیل ہوگئی ہے۔ اگر صحافی کا بیٹا صحافی اور پیر کا بیٹا پیر بن سکتا ہے تو پھر میری نسل یا دوسرے کی نسل کو سیاست کا حق کیوں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ اچھی گپ شپ اور تعلقات ہیں۔ میں وزیر اعظم کے گھر گیا تھا۔ نواز شریف کے گھر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دھرنے میں تھرڈایمپائر کے کردار کے حوالے سے شہباز شریف اور خواجہ آصف کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائیں۔

Tags: