پولیس افسران و اہلکاروں کی سیکورتی کلیئرنس کرائی جائے، حساس ادارے

August 24, 2015 5:27 pm0 commentsViews: 25

دہشت گردی اور کالعدم تنظمیوں کے ساتھ پولیس افسران اور اہلکاروں کے روابط انتہائی خطرناک ہیں
اسلام آباد( آن لائن) حساس اداروں نے پولیس افسران و اہلکاروں کے دہشت گردوں سے ممکنہ روابط کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے ان کی اسپیشل برانچ سے سیکورٹی کلیئرنس کرانے کی سفارش کر دی۔ وزارت داخلہ کو جمع کرائی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وفاق سمیت صوبائی پولیس کے کالعدم تنظیموں سے مبینہ تعلقات نیشنل ایکشن پلان کو متاثر کرنے سمیت ملکی سا لمیت کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ آئندہ ممکنہ حملوں میں پولیس سے معاونت کے اثرات کو زائل نہیں کیا جا سکتا، پولیس کانسٹیبل سے اعلیٰ افسران تک تمام اہلکاروں کی اسپیشل برانچ سے دوبارہ سیکورٹی کلیئرنس کرائی جائے جبکہ تمام تھانوں میں پولیس مانیٹرنگ کے لئے دیگر سیکورٹی اداروں سے نگرانی کرائی جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی امداد پر پلنے والی کالعدم تنظیمیں پولیس کو راہ ہموار کرنے کیلئے استعمال کر سکتی ہیں۔ ابتدائی طور پر جمع کی گئی رپورٹ کے مطابق کالعدم تنظیموں کے کارکن پولیس سے معلومات لینے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ سیکورٹی معلومات میں پولیس کے ساتھ رینجرز اور دیگر سیکورٹی اہلکاروں کو بھی شامل حال رکھا جائے تا کہ ممکنہ طور پر بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔ صوبائی پولیس کی حالت بھی ابتر ہے جہاں ممکنہ طور پر تیز رد عمل کا خدشہ ہے جس کی روک تھام کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات سمیت کسی بھی سیکورٹی اداروں کو بھی ساتھ رکھا جائے جبکہ تھانوں میں مانیٹرنگ ڈیسک کیلئے صوبائی سطح پر دیگر اداروں سے معاونت لی جائے۔

Tags: