نارتھ کراچی نیو کراچی پولیس سے مقابلوں میں لوٹ مار کرنیوالے 2 ملزمان ہلاک ۔ دیگر جرائم و حادثات میں مزید ہلاکتیں

August 24, 2015 5:40 pm0 commentsViews: 22

سخی حسن چورنگی کے پاس شادی ہال کے باہر لوٹ مار کررہے تھے‘ اطلاع پر پولیس پہنچ گئی‘ مقابلے میں ایک ملزم ماراگیا‘ ساتھی فرار
نیو کراچی رحمانیہ موڑ پر راہگیروں سے لوٹ مار کرنے والا ایک ڈاکو پولیس نے مار ڈالا‘ جو پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث تھا
کراچی( کرائم ڈیسک) نارتھ کراچی اور نیو کراچی میں پولیس سے مقابلوں کے دوران لوٹ مار کرنیوالے دو ملزمان ہلاک ہوگئے۔تفصیلا ت کے مطابق شارع نورجہاں کے علاقے نارتھ ناظم آباد سخی حسن چورنگی کے پاس واقعہ ایک شادی ہال کے باہر دو ملزمان اسلحے کے زور پر لوٹ مار کررہے تھے،ایس ایچ او جمال لغاری کے مطابق مذکورہ شادی ہال میں نیو کراچی تھانے کا اے ایس آئی بھی موجود تھا جس سے ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی اور اس نے ملزموں سے مزاحمت کی تو قریب میں موجود علاقے کی پولیس موبائل میںموجود اہلکار بھی پہنچ گئے اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا،پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے موٹر سائیکل، نقدی اور تین موبائل فون برآمد ہوئے ہیں،تاہم ہلاک ملزم کی فوری شناخت نہیں ہوسکی ۔نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے نیو کراچی رحمانیہ موڑ پر ایک ملزم راہگیروں سے لوٹ مارکررہا تھا،ایس پی فیصل نور کے مطابق گشت پر موجود اہلکار جب وہاں پہنچے اور ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی تو ملزم نے پولیس موبائل پر کلاشنکوف سے فائرنگ کردی،پولیس کی جوابی فائرنگ میں ملزم مارا گیا،جس کی شناخت عبدالرحمان عرف گوگا پٹھان کے نام سے ہوئی،جو اسٹریٹ کرمنل اور پولیس اہلکارسیف اللہ کے قتل میں ملوث بتایا جاتا ہے،ملزم کے قبضے سے ایک کلاشنکوف برآمد کرلی گئی ہے،اور اس کی لاش کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

کورنگی موبائل مارکیٹ کے سامنے
گاڑی نے24 سالہ نوجوان کو ہلاک کردیا
کراچی( کرائم رپورٹر)کورنگی کے علاقے کورنگی نمبر 4 کے قریب واقع موبائل مارکیٹ کے سامنے تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر 24 سالہ نبیل جاں بحق ہوگیا،پولیس کے مطابق متوفی لانڈھی سیکٹر 36/B کا رہائشی تھا،متوفی کی لاش قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔

الآصف کے اسکوائر کے قریب فائرنگ سے نوجوان ہلاک
مسلح موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، مقتول منشیات کے اڈے پر کام کرتا تھا
لانڈھی مں گارمنٹس فیکٹری کے گارڈ آپس میں لڑپڑے، فائرنگ سے ایک گارڈ زخمی ہوگیا
کراچی( کرائم رپورٹر)سہراب گوٹھ تھانے کی الآصف اسکوئر چوکی کی حدود سپر مارکیٹ نزد الآصف اسکوئر کباڑی مارکیٹ کے پاس موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے 29 سالہ جہازیب خان ولد عجب خان کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے،چوکی انچارج احسان اللہ مروت کے مطابق مقتول منشیات کے اڈے پر کا م کرتا تھا اور نشے کا عادی تھا،جو سہراب گوٹھ انڈس پلازہ کا رہائشی اور افغانستان سے آبائی تعلق رکھتا تھا،پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ مذکورہ قتل ذاتی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔لانڈھی مرتضی چورنگی کے قریب واقعہ ایک گارمنٹس فیکٹری کے سیکورٹی گارڈ آپس میں لڑ پڑے اور اس دوران ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ایک سیکورٹی گارڈ 30 سالہ انور قریشی ولد حیدر قریشی شدید زخمی ہوا،جسے علاج کیلئے جناح اسپتال لایا گیا۔

ٹارگٹ کلنگ پولیس اہلکارسمیت 3 افراد بیدردی سے قتل
لیاقت آباد میں مسلح افراد نے موٹر سائیکل پر جانے والے دو پولیس اہلکاروں پر گولیاں برسادیں‘ ایک ہلاک دوسرا بال بال بچ گیا
پاک کالونی میں ریکسر پل کے نیچے سے گولیوں سے چھلنی لاش ملی‘ ہجرت کالونی میں 17 سالہ نوجوان گولیوں کا نشانہ بن گیا
کراچی(کرائم رپورٹر)شہر میںفائرنگ اورپرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار سمیت3افراد جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق سپرمارکیٹ کے علاقے لیاقت آباد نیرنگ سینما کے قریب موٹرسائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے موٹرسائیکل سوار دو پولیس اہلکاروں30سالہ مقصودولد گلبرگ اور عاطف پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے ،فائرنگ کے نتیجے میں مقصود شدیدزخمی ہوگیاجبکہ عاطف بال بال بچ گیا ،ایس ایچ او شاہنواز شانی کے مطابق زخمی اہلکار مقصودکو نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج اس نے دم توڑ دیا۔ایس ایچ اوکے مطابق مقتول اہلکار اپنے ساتھی اہلکار کے ہمراہ گشت پر تھا کہ نیرنگ سینما کے قریب واقع گلی سے دو موٹر سائیکل سوار آئے،مقتول نے ان سے انکی شناخت کے بارے میں پوچھا تو ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی اور اپنا موٹر سائیکل اور پستول چھوڑ کر فرار ہو گئے۔مقتول اہلکار لیاقت آباد تھانے کے کواٹرز میں رہائش پذیر تھا،جس کی نمازجنازہ ڈی آئی جی ویسٹ زون کے دفترکے باہر اداکی گئی جس میں اعلی افسران نے شرکت کی اس دوران ایڈیشنل آئی جی جی کراچی مشتاق مہر نے شہید پولیس اہلکار کے اہلخانہ کو بیس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ،پولیس نے انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ۔پاک کالونی کے علاقے ریکسر پل ندی کے قریب 22سالہ نوجوان کی لاش کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیا اور سول اسپتال منتقل کیا ،جہاںایس ایچ او عبداللہ بھٹو نے بتایا کہ مقتول کے سر ،سینے اور کمر پر ملزمان نے تین گولیا ں مار کر قتل کیا ہے ،پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزما ن نے نوجوان کو نامعلوم مقام سے اغواء کیا اور مذکورہ مقام پر لاکر گولیاںمار کر قتل کردیا اور فرار ہوگئے ،مقتول کی شناخت سلمان شاہ ولد زین نور شاہ کے نام سے ہوئی شناخت اسکے بھائی سکندر شاہ نے ایدھی سردخانے میں جاکرکی اور پولیس کو بیان دیا ہے کہ رات دو بجے ایک دوست کے ساتھ گھر سے گیا تھا ‘سول لائن کے علاقے ہجرت کالونی ہارون پارک کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے17سالہ فرحان ولداشفاق جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرارہوگئے ،ایس ایچ او وقارتنولی نے مطابق دوملزمان نے ہجرت کالونی گلی نمبر3میں شیراز نامی شخص سے اسلحے کے زورپر ہنڈا 125چھین کر فرار ہورہے تھے کہ جب ملزمان ہارون پارک کے قریب پہنچے تو وہاں کافی بچوں کا رش تھا جو کھیل رہے تھے ،رش ہونے باعث ملزمان نے ہوائی فائرنگ کردی اس ہی دوران اندھی گولی فرحان کو لگ گئی جس کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں فرحان دوران علاج دم توڑ گیا۔

 

Tags: