کراچی اسٹاک مارکیٹ سمیت عالمی مارکیٹس کریش سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے

August 25, 2015 12:16 pm0 commentsViews: 31

کاروبار کا آغاز ہوتے ہی کراچی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی آگئی 100 انڈیکس 1400 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 3 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا
سرمایہ کاروں کے 269 ارب سے زائد ڈوب گئے‘ سرمایہ گھٹ کر 71 ارب روپے پر آگیا‘چینی معیشت میں کمی کے خدشات لے ڈوبے
کراچی( کامرس ڈیسک) چین کی اسٹاک مارکیٹ کریش ہونے کے بعد کراچی سمیت دنیا بھر کی عالمی اسٹاک مارکیٹس کریش کر گئیں۔ سرمایہ کاروں کے5 ہزار ارب ڈالر سے زائد ڈوب گئے۔ کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بھی شدید مندی، 100 انڈیکس 1400 پوائنٹ کی کمی کے ساتھ3 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا۔ سرمایہ کاروں کے 269 ارب سے زائد روپے ڈوب گئے۔ جس کے سبب سرمائے کا مجموعی حجم 74 کھرب روپے کی سطح سے گھٹ کر 71 کھرب روپے کی سطح پر آگیا۔ خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور چین کی معیشت پر خدشات ایشیا کی اسٹاک مارکیٹوں کو لے ڈوبا۔ جب کراچی اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس آغاز پر ہی شدید گراوٹ کا شکار ہوگیا۔ بیرونی سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز کی فروخت ایسی شروع ہوئی کہ 100 انڈیکس1419 پوائنٹس گنواکر ٹریڈنگ کے اختتام پر 33 ہزار 100 پوائنٹس پر بند ہوا، چینی اسٹاک مارکیٹ سے شروع ہونے والی مندی سے ایشیائی اور یورپی اسٹاک مارکیٹس بھی نہ بچ سکیں۔ بروکرز کے مطابق ایشیائی مارکیٹس میں گراوٹ اور بیرونی سرمایہ کاروں کی جانب سے رقم نکالے جانے کے باعث شیئر بازار کریش کر گیا اور گزشتہ ہفتے سے اب تک اسٹاک مارکیٹ سے50 کروڑ ڈالر سے زائد نکالے جا چکے ہیں۔

Tags: