ڈالر کو پر لگ گئے،104 روپے کی حد عبور کر گیا

August 25, 2015 12:38 pm0 commentsViews: 20

102 روپے کا اسٹیٹ بینک کا کیپ ہٹتے ہی چند گھنٹوں میں ڈالر کی قیمتوں میں 2 روپے کا اضافہ
کراچی( کامرس رپورٹر) اسٹیٹ بینک نے ڈالر کی 102 روپے کی قیمت پر لگایا ہوا کیپ غیر اعلانیہ طور پر ہٹا دیا۔ قدغن ختم ہوتے ہی ڈالر بے قابو ہو کر 104 روپے 60 پیسے تک جا پہنچا۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے عالمی کرنسی مارکیٹ کے بحران کی آڑ میں آئی ایم ایف اور پاکستانی بر آمد کنندگان کے دبائو میں ڈالر کو 102 روپے کی حد میں رکھنے کی پالیسی کو تبدیل کرکے ڈالر کی قدر میں تیزی سے اضافے کی راہ ہموار کی، ڈالر کی قدر پر 102 روپے کا کیپ ہٹتے ہی انٹر مارکیٹ میں پیر کے روز چند گھنٹوں میں2 روپے کا اضافہ کیاگیا۔ اس طرح 17 ماہ بعد پہلی مرتبہ ڈالر 104 روپے کی حد عبور کر گیا۔ پیر کی شام کو انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 103 روپے 95 پیسے سے بڑھ کر 104 روپے 60 پیسے پر فروخت ہوا، اس طرح صرف 2 ماہ میں مجموعی طور پر ڈالر کی قدر میں 4 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

Tags: