بغیررجسٹریشن کے درآمدشدہ گاڑیاں پورٹ سے باہر لانے پر پابندی

August 25, 2015 12:40 pm0 commentsViews: 30

سپریم کورٹ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی اور ڈی آئی جی ٹریفک کو مشترکہ حکمت عملی بنانے کا حکم دے دیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے در آمد شدہ گاڑیوں کو رجسٹریشن کے بغیر پورٹ سے باہر نہ آنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ فاضل عدالت نے ایڈمنسٹریٹر کراچی اور ڈی آئی جی ٹریفک کو ٹریفک مسائل کے حل کرنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنانے کا حکم بھی دیا ہے۔ جسٹس سرمدجلال عثمانی اور امیر ہانی مسلم پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے ڈی ایچ اے میں ٹریفک کے مسائل کے حوالے سے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر ڈی آئی جی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالتی حکم پر بغیر رجسٹریشن، فینسی اور غیر ملکی نمبر پلٹس گاڑیوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ اور سیکڑوں گاڑیوں کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ جبکہ شہریوں کو شکایت ہے کہ محکمہ ایکسائز ایک سال سے نئی نمبر پلیٹس جاری نہیں کر رہا جس پر عدالت نے سیکریٹری ایکسائز کو پیش ہونے کا حکم دیا جس پر کچھ دیر کے بعد سیکریٹری مدثر اقبال پیش ہوئے اور عدالت کو آگاہ کیا کہ اکتوبر کے وسط سے نئی نمبر پلیٹس کا اجراء شروع ہوجائے گا۔ جس پر عدالت نے حکم دیا کہ در آمد شدہ گاڑیوں کو پورٹ پر رجسٹرڈ کرنے کیلئے خصوصی کائونٹر قائم کیا جائے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ٹریفک خادم حسین بھٹی نے عدالت کو بتایا کہ6 ہزار ٹریفک اہلکار کی بھرتی کیلئے ریفرنس آئی جی سندھ کو بھیج دیا گیا ہے۔ عدالت نے ڈی ایچ اے اور کے ایم سی حکام کو ہدایت کی کہ خیابان شمشیر اور خیابان بخاری کے سنگھم پر فلائی اوور کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جائے۔

Tags: