سعودی حکومت نے عازمین حج کیلئے نیا ضابطہ اخلاق جاری کر دیا

August 25, 2015 12:41 pm0 commentsViews: 19

حج کیلئے مقامات مقدسہ میں داخل ہونے والے ہر شخص کے پاس اجازت نامہ موجود ہونا ضروری ہوگا
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی، حکومت کا انتباہ
ریاض ( اے پی پی) سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے رواں سال موسم حج سے قبل عازمین حج کے لیے ایک نیا ضابطہ اخلاق جاری کردیا ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ حج کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔نئے ضابطہ اخلاق کے مطابق حج کی نیت سے مقامات مقدسہ میں داخل ہونے والے ہر شخص کے پاس حکومت کی طرف سے ملنے والا اجازت نامہ ضروری ہو گا۔ کسی عام شہری کے تعاون یا غیر ملکی کی مدد سے حج کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ حکومت کی اجازت کے بغیر حج کے ارادے سے عازمین حج میں شامل ہونے والے افراد کو جرمانہ، گاڑی اور املاک کی ضبطی اور ملک سے بے دخلی جیسی سزائیں دی جا سکتی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ سال حج کے موقع پر 2 لاکھ 20 ہزار ایسے افراد کی نشاندہی ہوئی تھی جو حکومت کی اجازت کے بغیر حج کی کوشش کر رہے تھے ۔

Tags: