کراچی میں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے ذریعے ڈینگی کے خاتمے کیلئے اسپرے

August 25, 2015 1:26 pm0 commentsViews: 29

ڈینگی سے متعلق آگہی مہم کیلئے پبلک مقامات‘ اسکولوں و کالجوں میں پمفلٹ تقسیم کا آغاز کیا جائے گا
رواں سال ڈینگی سے 850 افراد متاثر‘ 3 اموات ہوئی ہیں‘ اسپتالوں میں مزید اقدامات کی ہدایت ہے‘ صوبائی وزیر صحت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر صحت جام مہتاب ڈہر نے کہا ہے کہ ڈینگی وائرس کے خاتمے کیلئے کراچی میں کے ایم سی کے تعاون سے اسپرے مہم شروع کردی گئی ہے‘ کشادہ سڑکوں پر بڑی گاڑیوں جبکہ تنگ گلیوں میں موٹر سائیکلوں کے ذریعے اسپرے کیا جائیگا تاکہ عام آدمی اس موذی بیماری سے محفوظ رہ سکے‘ یہ بات انہوں نے پیر کو اپنے دفتر میں ڈینگی وائرس سے متعلق آگہی مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے کہی۔اجلاس میں وزیر صحت کو بتایا گیا کہ اس سال کراچی میں اب تک ڈینگی مریضوں کی تعداد 850 ہے جس میں تین اموات ہوئی ہیں جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع سے ڈینگی کے29 مریض سامنے آئے ہیں انہوں نے سول اسپتال ‘جناح ‘عباسی شہید اور لیاری جنرل اسپتال میں قائم ڈینگی وارڈ کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی انہوںنے کہا کہ کل سے پورے کراچی میں ڈینگی سے متعلقہ آگہی مہم شروع کی جارہی ہے اور پہلے مرحلے میں سندھ سیکریٹریٹ‘ کبوتر چورنگی اور سوک سینٹر کے سامنے عوام الناس میں آگہی پمفلٹس تقسیم کئے جائیں گے اور مرحلہ وار مہم کو آگے بڑھایا جائیگا جبکہ تعلیمی اداروں اورمساجد کو پمفلٹس پہنچانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

Tags: