کراچی میں ’’مافیاز‘‘ کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری رہیں گے‘ آرمی چیف

August 26, 2015 4:40 pm0 commentsViews: 20

شہر میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر بنانے پر رینجرز‘ پولیس اور خفیہ ایجنسیوں کی کارکردگی قابل تعریف ہے‘ عوام کی حمایت بھی قابل تحسین ہے
دہشت گردوں کے زیر التواء مقدمات جلد نمٹانے کیلئے کراچی میں فوجی عدالتوں کی تعداد بڑھانے کی منظوری بھی دے دی گئی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کراچی سے دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور مافیاز کے خاتمے کیلئے بلا امتیاز آپریشن جاری رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کے باہمی گٹھ جوڑ ختم کرکے شہر کو دہشت گردی جرائم پیشہ مافیاز، تشدد اور کرپشن سے پاک کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ دہشت گردوں کے زیر التوا مقدمات جلد نمٹانے کیلئے کراچی میں فوجی عدالتوں کی تعداد بڑھانے کی منظوری بھی دی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کو چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کو کراچی میں ہونیوالے اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیکورٹی کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کی صدارت آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کی جبکہ کور کمانڈر کراچی، ڈی جی آئی ایس پی آر، ڈی جی رینجرز، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، پولیس کمشنر اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ بریفنگ کے دوران آرمی چیف کو بتایا گیا کہ آپریشنز کے نتیجے میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ جنرل راحیل شریف نے کراچی کی سیکورٹی صورتحال بہتر بنانے پر رینجرز، پولیس، اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کارکردگی خاص طور پر کراچی کے عوام کی حمایت کو سراہا۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ کراچی سے دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور مختلف قسم کے مافیاز کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری رکھے جائیں۔ جنرل راحیل شریف نے ہدایت کی کہ کراچی کو پر امن اور ہر طرح کے خوف سے پاک شہر بنانے کیلئے جرائم پیشہ عناصر کے باہمی گٹھ جوڑ ختم کئے جائیں۔ اور شہر کو دہشت گردی جرائم پیشہ مافیاز، تشدد اور کرپشن سے پاک کیا جائے۔

Tags: