آفاق احمدکے گھر پر رینجرز کا چھاپہ 6 گھنٹے تک تفتیش مہاجر قومی موومنٹ کے ترجمان کی تردید

August 26, 2015 4:50 pm0 commentsViews: 28

مہاجر قومی موومنٹ کے رہنما سے تفتیش کے دوران مختلف سوالات کرکے ان کا نام واچ لسٹ میں بھی شامل کرلیا گیا ہے
آفاق احمد کے گھر پرچھاپہ کی خبر شر انگیزی پر مبنی ہے‘ عوام ان افواہوں پر کان نہ دھریں‘ترجمان
کراچی( کرائم رپورٹر) میڈیا ذرائع کے مطابق مہاجر قومی موومنٹ کے رہنما آفاق احمد کے گھر پر رینجرز نے چھاپہ مارا اور آفاق احمد کو حراست میں لے کر تفتیش کی مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات رینجرز نے مہاجر قومی موومنٹ کے رہنما آفا ق احمد کے گھر پر چھاپہ مارا اور حراست میں لے کر مسلسل 6 گھنٹے تفتیش کی۔ ذرائع کے مطابق رینجرز نے آفاق احمد کو پابند کیا ہے کہ وہ شہر چھوڑنے سے پہلے حکام کو مطلع کریں ۔ رینجرز نے مہاجر قومی موومنٹ کے رہنما آفاق احمد سے جرائم کے متعلق چھ گھنٹے تک مختلف سوالات کئے رینجرز نے مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ کو واچ لسٹ میں شامل کر لیا ہے۔ رینجرز نے آفاق احمد سے تفتیش کے دوران ہدایت کی کہ وہ ایم کیو ایم کے خلاف جو بھی سرگرمیاں کر رہے ہیں اسے بند کردیں اور اگر ان کا کوئی کارکن اس میں ملوث پایا گیا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب مہاجر قومی موومنٹ کے ترجماں نے آفاق احمد کے گھر پر چھاپے اور گرفتاری کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ چیئر مین آفاق احمد کے گھر پر چھاپے کی خبریں شر انگیزی اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ افواہیں پھیلانے والے عناصر اور ان کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان افواہوں پر کان نہ دھریں۔

Tags: