پی پی اور جے یو آئی کا بلدیاتی الیکشن کیلئے اتحاد طے پاگیا

August 26, 2015 4:58 pm0 commentsViews: 28

ترجیحات طے کرنے کیلئے دونوں پارٹیوں کے ارکان پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ اور جے یو آئی سندھ کے مابین صوبائی سطح پر بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں اصولی اتحاد طے پایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ہائوس میں پیپلز پارٹی اور جے یو آئی( ف) کے رہنمائوں کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں پی پی کے رہنما صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ، مولا بخش چانڈیو، وقار مہدی، نجمی عالم، راشد ربانی جبکہ جے یو آئی کے وفد کی قیادت صوبائی سیکریٹری جنرل راشد محمود سومرو نے کی۔ جبکہ اراکین میں قاری عثمان، مولانا عبدالکریم عابد، مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، اسلم غوری، مولانا تاج محمد ناہیوں ، حافظ عبدالحئی ہالیجوی شامل تھے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ دونوں جماعتوں پر مشتمل ڈویژنل اور ضلع سطح پر کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جو کہ یونین کمیٹی اور یونین کونسل کی سطح پر الیکشن کے حوالے سے اتحاد کے سلسلے سے اپنی ترجیحات طے کریں گی اور اس ضمن میں دیگر سیاسی جماعتوں سے مقامی سطح پر اتحاد کے حوالے سے اپنی شفارشات اپنی مرکزی کمیٹی کو پیش کریں گی۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ صوبائی کمیٹی کا آئندہ اجلاس30 اگست کو منعقد ہوگا۔