جناح اسپتال میں3 ماہ کی بچی غلط انجکشن سے ہلاک ۔ دیگر جرائم و حادثات میں مزید ہلاک و زخمی

August 26, 2015 5:09 pm0 commentsViews: 26

اعلیٰ حکام بیٹی کے قتل میں ملوث ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کریں، والدین کا احتجاج
کراچی(کرائم رپورٹر) جنا ح اسپتال کے بچہ وارڈ میں زیر علاج تین ماہ کی بچی مبینہ طور پرڈاکٹر کے غلط انجکشن لگائے جانے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئی، صدر کے علاقے میں واقعہ جناح اسپتال کے بچہ وارڈ میں گزشتہ پیر کی شب لائی جانے والی 3 ماہ کی بچی عنیہ نور دختر ماجداحمد منگل کی شب ڈاکٹرز کے مبینہ طور پر غلط انجکشن لگائے جانے کے سبب جاں بحق ہوگئی،واقعے کے خلاف بچی کے والدین اور رشتے داروں نے بچہ وارڈ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا مگر اس کے باوجود ان کی کوئی سنوائی نہیں ہوئی،بچی کے والد ماجد احمد کے مطابق، رات کے وقت ڈاکٹر دلاور اور ڈاکٹر ثناء رائونڈ پر آئے اور بچی کو دیکھنے کے بعد انجکشن لگادیا،جس پر اس کی حالت غیر ہوگئی اور وہ منٹوں میں جاں بحق ہوگئی، انہوں نے اعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی بچی کے قتل کے ملوث ڈاکٹرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائے۔

سٹی ریلوے کالونی میں
فائرنگ سے ایک شخص زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر)میٹھادر کے علاقے ریلوے سٹی کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 32 سالہ اکرم ولد محمد عاقب زخمی ہوا،جبکہ لیاری سنگھو لین میں فائرنگ کے واقعے میں حارث بلوچ نامی شخص زخمی ہوا ،دونوں زخمیوں کو علاج کیلئے سول اسپتال لایا گیا۔ پولیس نے واقعات کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ہلاک
کراچی (اسٹاف رپورٹر )نیوکراچی میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق نیوکراچی کے علاقے پاور ہاؤس چورنگی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار30سالہ نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال پہنچایا، اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کے الیکٹرک کے کپڑے پہنے ہوئے تھا اس کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی پولیس نے کارروائی کے بعد لاش شناخت کیلئے ایدھی سرد خانے میں رکھوادی ہے۔

کھارادر میں جیولرز کی دکان پر ڈکیتی کی کوشش
ملزمان کی فائرنگ سے دکان مالک اور ملازم زخمی
تین مسلح ملزمان دکان میں داخل ہوئے اور سونے کی چین دکھانے کو کہا، اچانک اسلحہ نکال لیا
دکان کے مالک نے ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی تو فائرنگ کردی، واقعہ کے خلاف جیولرز کا احتجاج
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کھارادر میں جیولرز کی دکان میں ڈکیتی مزاحمت پر دکان کا مالک اور ملازم زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کھارادر کے علاقے جوڑیا بازار احمد بیکری کے پاس سلیم میٹا جیولرز کی دکان پر تین مسلح ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر دکان کا مالک40سالہ سلیم میٹا اور ملازم30سالہ حنین زخمی ہوگیا، اس ضمن میں قائم مقام ایس ایچ او اکبر کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دکان کے مالک سلیم میٹا سے دس سونے کی چین مانگی دکان کا مالک لاکرز سے چین نکال رہا تھا کہ ایک ملزم نے پسٹل نکال لی ، دکان کے مالک سلیم میٹا نے ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی تو ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے چین چھوڑ کر فرار ہوگئے، مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ واقعے کیخلاف جیولرز نے احتجاج کیا اور ملزمان کی گرفتاری کامطالبہ کیا۔

مچھلی کے بیوپاری کواغواء کے بعد سڑک پر کھڑا کرکے گولیاں ماردی گئیں
دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار دہشت گردوں نے 30 سالہ سلیم کو اغواء کیا تھا، قتل کرنے کے بعدفرار ہوگئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورنگی میں فائرنگ سے مچھلی کا بیوپاری جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی سیکٹر C-50جلال الدین مسجد کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے 30سالہ سلیم ولد کلو میاں جاں بحق ہوگیا، پولیس نے فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے جناح اسپتال پہنچایا، اس ضمن میں ایس ایچ او راجہ طارق کا کہنا ہے کہ مقتول کورنگی سو کوارٹر پاسبان چوک کے قریب کا رہائشی اور مچھلی کا بیوپاری تھا وہ گھر سے صبح ساڑھے پانچ بجے کے قریب ساڑھے چار ہزار روپے لے کر گودام مچھلی خریدنے کیلئے جارہا تھا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح دہشت گردوں نے اغواء کرنے کے بعد مذکورہ مقام پر کھڑا کرکے سر اور سینے میں تین گولیاں مار کر قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے ، مقتول کی جیب میں پیسے اور موبائل فون موجود ہے ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نہیں ہے۔

جہانگیر پارک کے قریب فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ایک اہلکار سمیت دو افراد زخمی
دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے اندھا دھند گولیاں برسا دیں جس سے بھگدڑ مچ گئی اور کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں
مقتول سابق آرمی اہلکار تھا اور کچھ عرصہ پہلے ہی پولیس میں بھرتی ہوا تھا وزیر داخلہ سندھ نے ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کردی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صدر جہانگیر پارک کے قریب موٹر سائیکل سوار دوملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک پولیس اہلکار سمیت دوافراد زخمی ہوگئے ،وزیر داخلہ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق پریڈی کے علاقے داؤد پوتا روڈ جہانگیر پارک کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے ، گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے مذکورہ مقام پر بھگدڑ مچ گئی اور کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، فائرنگ کے نتیجے میں40سالہ پولیس اہلکار محمد ابراہیم موقع پر ہی جاں بحق جبکہ30 سالہ پولیس اہلکار عبدالقیوم اور ایک راہگیر40 سالہ الیاس آفریدی زخمی ہوگئے ، پولیس نے فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر جاں بحق اہلکار کی لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال پہنچایا، اس ضمن میں ایس ایچ او امجد کلیار کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے اہلکار گارڈن ہیڈ کوارٹر میں تعینات تھے اور وہ صدر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ساتھ مذکورہ مقام پر کئی روز سے ڈیوٹی دے رہے تھے کہ وہ معمول کے مطابق ڈیوٹی پر تھے کہ انہوں نے دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مشکوک افراد کو روکنے کا اشارہ کیا ، موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے روکنے کے بجائے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور پولیس اہلکار سمیت ایک راہگیر زخمی ہوگیا، مقتول اہلکار سابقہ آرمی اہلکار تھا اور کچھ سال پہلے پولیس میں بھرتی ہوا تھا وہ گارڈن ہیڈ کوارٹر میں ہی رہائش پذیر تھا ، پولیس مزید تفتیش کررہی ہے ، صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے صدر پریڈی کے علاقے میں پولیس اہلکاروں پر ہونے والی فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ ڈی آئی جی ساؤتھ سے طلب کر لی،انہوں نے فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور شہید اہلکار کو حکومت سندھ کی جانب سے 20 لاکھ روپے اور مراعات کے ساتھ وارث کو پولیس میں ملازمت اور تنخواہ جاری رکھنے کا اعلان کیاجبکہ زخمی پولیس اہلکار کا اسپتال میں علاج کرانے کی ہدایت کی،صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کی بھی ہدایت کی ہے۔

رات گئے، ملیر بکرا پیڑی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک
واقعہ میں ایک شخص زخمی بھی ہوا، سائٹ میں فضل مل کے قریب فائرنگ سے نوجوان زخمی ہو گیا
کراچی( کرائم رپورٹر) رات گئے بکڑا پیڑی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی، سائٹ میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران ایک نوجوان زخمی، تفصیلات کے مطابق رات گئے ملیر سٹی کے علاقے بکرا پیڑی میں نا معلوم مسلح موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے 25 سالہ نادر بلوچ ولد سکندر بلوچ کو قتل اور28 سالہ ریحان کو زخمی کر دیا اور فرار ہوگئے۔ مذکورہ واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں ملیر کے رہائشی ہیں۔ اور واقعہ ذاتی دشمنی معلوم ہوتی ہے، پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔ سائٹ فضل مل کے قریب نا معلوم ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایک نوجوان 25 سالہ عبدالرحمن ولد صابر زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے اسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت ہے۔

 

Tags: