فراہمی آب کا منصوبہ K-4 مقررہ وقت میں مکمل کرلیا جائیگا

August 26, 2015 5:14 pm0 commentsViews: 22

منصوبہ ملکی تعمیر و ترقی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، پروجیکٹ ڈائریکٹر کی بریفنگ
کراچی ( سٹی رپورٹر) کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے منصوبہ آب رسانی K-4کو مقررہ مدت اور تخمینہ لاگت میں مکمل کرلیا جائے گا ، سروے اور ڈیزائننگ کا کام مکمل ہوگیا ہے ، برجیوں اور کنڈیوٹ کی تعمیر کیلئے ٹینڈرز جاری کئے جارہے ہیں ان خیالات کا اظہار پروجیکٹ ڈائریکٹر K-4 سلیم صدیقی نے پلاننگ ڈیولپمنٹ اینڈ ریسرچ ڈپارٹمنٹ حکومت پاکستان کی دو رکنی ٹیم جس میں امام بخش بھٹی ڈائریکٹر DPRاور سید ظہور علی چیف مانیٹرنگ آفیسر شامل تھے ان کو منصوبہ کے بارے میں دی گئی تفصیلی بریفنگ کے دوران کیا جس میں پروجیکٹ افسران سید قیصر علی پروگرام منیجر معین خان ، انتخاب راجپوت کے علاوہ مشاورتی کمپنی ( عثما نی اینڈ کو ) کے ٹیم لیڈر لیفٹننٹ کرنل ( ر) اجمل رشید ، علی محمد پلیجو ،ڈاکٹر شعیب اور احتشام نے شرکت کی ، بریفنگ کے دوران منصوبہ کے ہر پہلو پر غور کیا گیا ، پروجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ منصوبہ کی ڈیزائننگ و سروے میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے کیوں کہ یہ منصوبہ کراچی ہی کے لئے اہم نہیں بلکہ قومی اہمیت کا حامل ہے اس کی تکمیل تعمیر و ترقی کا اہم سنگ میل ثابت ہوگی اسی لئے ماہرین کی نگرانی میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جارہا ہے۔

لوڈشیڈنگ کے باعث قلت آب برقرار
کراچی (سٹی رپورٹر)کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے دھابیجی پمپنگ ہاؤس پر کے ۔الیکٹرک نے 44گھنٹے بعد پیر کے دن پپری کے دن بجلی بحال کی جس کے نتیجہ میں 140ملین گیلن پپری سے 70ملین گیلن پانی فراہم نہ کیا جاسکا ،مجموعی طور پر 210ملین گیلن پانی کی قلت رہی جس سے شہر کے تمام علاقے متاثر ہوئے ،منگل کو بھی کے ۔الیکٹرک نے 4:40 بجے شام پپری کی بجلی بند کردی ، پانی کی حالیہ عدم فراہمی کے باعث پانی کی کمی کے اثرات دو روز رہیں گے۔

Tags: