منی لانڈرنگ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے تحقیقات کیلئے عدالت سے وقت مانگ لیا

August 27, 2015 4:59 pm0 commentsViews: 28

سرفراز مرچنٹ نے ضبط کردہ رقم کے ثبوت فراہم نہیں کئے‘ اسکاٹ لینڈ یارڈ‘مرچنٹ کی جانب سے مزید وقت دینے کی مخالفت
ویسٹ لندن کی عدالت میں الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے دیگر رہنمائوں کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت
لندن( آئی این پی) اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور دیگر رہنمائوں کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات کیلئے عدالت سے مزید وقت مانگتے ہوئے کہا کہ سرفراز مرچنٹ نے ابھی تک ضبط رقم کے ثبوت فراہم نہیں کئے جبکہ سر فراز مرچنٹ نے اسکاٹ لینڈ یارڈ کی طرف سے مزید وقت مانگنے کی مخالفت کرتے ہوئے تمام ارکان کی حاضری پر اصرا ر کیا۔ ایم کیو ایم کے ارکان اسکاٹ لینڈ یارڈ کو مزید وقت دینے پر راضی ہوگئے۔ بدھ کو ویسٹ لندن کی عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی جس میں ایم کیو ایم کے رہنما الطاف حسین، طارق میر اور افتخار قریشی سمیت سرفراز مرچنٹ کو طلب کیا گیا، الطاف حسین، افتخار قریشی اور طارق میر کے وکیل نے عدالت میں پیش ہو کر ان کی پیشی کیلئے وقت مانگ لیا۔ عدالت نے سر فراز مرچنٹ کے اصرار پر سماعت شروع کی۔ جس پر اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم نے کیس کو حساس قرار دیتے ہوئے کمرہ عدالت سے تمام افراد کو باہر نکالنے کا مطالبہ کیا، جس پر جج نے پبلک گیلری سے میڈیا کے نمائندوں اور عام لوگوں کو نکال دیا۔ صرف سر فراز مرچنٹ اور ان کے وکیل، جج اور پولیس کمرہ عدالت میں موجود رہے۔ سماعت کے دوران اسکاٹ لینڈ یارڈ نے مؤقف اختیار کیا کہ سرفراز مرچنٹ نے ابھی تک ضبط رقم کے حوالے سے ہمیں ثبوت فراہم نہیں کئے۔ جس پر سرفراز مرچنٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ میرے اپنے پیسوں کے جائز ہونے کے تمام ثبوت میرے پاس موجود ہیں۔

Tags: