ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف تاجروں نے ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ کرلیا

August 27, 2015 5:25 pm0 commentsViews: 26

لاہور میں 28اگست کو ہونے والے اجلاس میں ہڑتال اور احتجاج کا لائحہ عمل طے کیاجائے گا
بینک ودہولڈنگ ٹیکس کے خوفناک نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، لوگ سونا خرید رہے ہیں، عتیق میر
کراچی( اسٹاف رپورٹر) بینک ٹرانزیکشن کے خلاف آل پاکستان انجمن تاجران کے تمام گروپس کا مشترکہ اجلاس جمعہ 28اگست کو لاہور میں طلب کرلیا گیا ہے جس میں ملک بھر سے تاجر نمائندگان کو شرکت کی د عوت دی گئی ہے‘ اجلاس میں ملک گیر ہڑتال اور احتجاج کیلئے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائیگا‘ آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین اور آل پاکستان انجمن تاجران کے سینئر نائب صدر عتیق میر نے پریس و میڈیا کو جاری کئے گئے ایک بیان میں بتایا کہ ملک بھر کے تاجروں نے بینک ٹرانزیکشن پر عائد کئے گئے ود ہولڈنگ ٹیکس کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف مشترکہ طور پر مسلسل اور بھر پور احتجاجی تحریک کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں متفقہ طور پر ہڑتال کا اعلان کیا جائیگا اور اس کے باوجود حکومت نے متنازعہ ٹیکس واپس نہ لیا غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان بھی کیا جاسکتا ہے‘ انہوں نے کہا کہ بینک ود ہولڈنگ ٹیکس کے ہولناک نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں‘ سرمایہ بینکوں سے نکل کر ڈالرز انعامی بونڈز اور سونے کی خریداری پر صرف ہورہا ہے جس کے نتیجے میں ڈالر مہنگا اور پرائز بانڈ بلیک میں فروخت ہورہے ہیں جبکہ مارکیٹوں میں کاروباری لین دین کا متوازی نظام فروغ پارہا ہے بینکوں کے بجائے ہنڈی سسٹم رائج ہوگیا ہے‘ حکومت بینکوں سے ٹیکس وصول کررہی ہے اور تاجر سرمایہ نکال رہے ہیں‘ حکومت کی سخت اور غیر منصفانہ پالیسیوں سے ٹیکس کلچر تباہ ہوگیا ہے۔

Tags: